اگرچہ پاکستان تحریک انصاف نے 25جولائی کے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرلی ہے اور عمران خان سمیت اس جماعت کے تمام اہم رہنماءقومی نشستوں پرکامیاب ہوگئے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی کی وزارت اعلیٰ کا خواب اس نوجوان نے چکنا چور کر دیا جسے وہ اپنا ٹائیگر کہتے تھے اور جس سے انہوں نے ٹکٹ کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن عین وقت پر اسے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا ۔مخدوم شاہ محمودقریشی نے نجی محفلوں میں خودکو وزیراعظم یا نائب وزیراعظم کا امیدوار بھی قراردیاتھا۔ لیکن میڈیا کے سامنے وہ ہمیشہ عمران خان کو اپنا وزیراعظم کہتے رہے۔ سرائیکی علاقے اور ملتان کے صحافتی حلقوں میں گزشتہ دوروز سے انہیں وزارت عظمیٰ یا نائب وزیراعظم کے عہدے کا مضبوط امیدوار قراردیا جا رہاتھا۔ لیکن این اے 156میں کامیابی حاصل کرنے کے باوجود جب انہوں نے مبارکباد وصول کرنے اور اپنی کامیابی پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور میڈیا کے نمائندوں کو سختی سے ڈانٹ بھی دیا تو اسی لمحے سب کو معلوم ہوگیاتھا کہ دال میں کچھ کالا ہے۔مخدوم شاہ محمودقریشی کو اس وقت تک یہ اطلاع موصول ہوچکی تھی کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر انہیں نوجوان امیدوار سلمان نعیم نے پچھاڑ دیا ہے۔ بعد کے نتائج سے معلوم ہوا کہ واقعی سلمان نعیم نے شاہ محمودقریشی کا وزارت اعلی کا خواب چکنا چور کردیا ۔ سلمان نعیم ٹکٹوں کی تقسیم میں شاہ محمودقریشی کی غیرمعمولی مداخلت کے بعد ردعمل کے طورپر آزاد حیثیت میں ان کے مقابلے میں آ ئے تھے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں جہانگیر ترین کی پشت پناہی بھی حاصل تھی۔جہانگیر ترین نے خود بھی شاہ محمودقر یشی سے کہاتھا کہ وزارت عظمی تو دور کی بات ہم آپ کو وزیراعلیٰ بھی نہیں بننے دیں گے۔جہانگیر ترین کا کہا درست ثابت ہوا۔ پی پی 217کے نتائج کے مطابق اس نشست سے سلمان نعیم نے 35294ووٹ لے کرکامیابی حاصل کی جبکہ مخدوم شاہ محمودقریشی 31716ووٹ حاصل کرسکے۔ دیگر امیدواروں میں سابق صوبائی وزیر عبدالوحید ارائیں کی اہلیہ تسنیم کوثر جو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی امیدوارتھیں، 21618ووٹ حاصل کرسکیں۔سلمان نعیم ایک کاروباری گھرانے سےتعلق رکھتے ہیں ان کے سسر کا نمکو اوربسکٹ کا کاروبار ہے ۔ سلمان نعیم علاقے میں خدمت خلق اور فلاحی کاموں کی وجہ سے مقبول ہیں ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کے صاحب زادے زین قریشی نے جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب اسمبلی میں حکومت سازی کے عمل میں عمران خان کے احکامات کے مطابق پارٹی فیصلے کا احترام کریں گے ۔ ادھر سلمان نعیم کا کہنا ہے کہ یہ سیٹ عمران خان کی امانت ہے میں اگرچہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑا ہوں لیکن میری اصل جماعت پاکستان تحریک انصاف ہی ہے ۔
فیس بک کمینٹ