ایبٹ آباد : شدید بارش اور برفباری سے شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے سبب کوہستان کے مقام سے بند جبکہ انتظامیہ نے ایبٹ آباد سے گلیات جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
داسو کوہستان کے چیرمین غلام سعید کے مطابق اتوار کی شام شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ اب تک وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے داسو سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک لیے بند ہو گئی۔
غلام سعید کا کہنا تھا کہ ’روڈ کی یہ حالت ہے کہ پیدل چلنا بھی خطرناک ہوچکا ہے۔ روڈ داسو سے آگے شیال کے مقام پر بند ہے۔ داسو ڈیم میں آنے والے روڈ کی جگہ پر نئی سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ سڑک پر اس ملبہ کی وجہ سے بھی ٹریفک بند ہو گئی۔‘
غلام سعید کا کہنا تھا کہ ’طویل کوشش کے بعد امدادی کارروائیوں میں مصروف انتظامیہ مسافروں کے لیے متبادل مقام سے روڈ بحال کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔‘
غلام سعید کا کہنا تھا کہ ’جو بھی مسافر لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں ان کے لیے داسو کے مقام پر سحری اور افطاری کا مناسب انتظام کیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو رہائش بھی فراہم کی گئی ہے۔‘
دوسری جانب ضلع ایبٹ آباد کی انتظامیہ نے ایبٹ آباد سے گلیات جانے والی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔
ریسیکو انچارج نتھیاگلی احسان عباسی کے مطابق ’گلیات میں سحری کے وقت برفباری کا سلسلہ شروع ہوا اور اب تک کم از کم دو فٹ برف پڑ چکی ہے تاہم برفباری تاہم حال مسلسل جاری ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’رمضان کی وجہ سے ہوٹل بند تھے۔ روڈ پر پھسلن بھی زیادہ ہے۔ اس وجہ سے روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے نے تین مارچ کو جاری وارننگ میں کہا گیا تھا کہ مری، ناران، گلیات میں درمیانے درجے سے لے کر شدید برفباری متوقع ہے جو 24 گھنٹے جاری رہ سکتی ہے۔
ادارے کی جانب سے ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم مسافر اور سیاحوں کو ان علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط کرنے اور غیر ضروری سفر سے منع کیا گیا تھا۔
فیس بک کمینٹ