اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔ انہیں رہائی کے ایک گھنٹے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا۔
وکیل علی اشفاق نے صنم جاوید کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ صنم جاوید کو ایک بارپھر اسلام آبادپولیس نے گرفتارکرلیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بغیر مزاحمت صنم جاوید کوپولیس کے حوالے کیا، قانون کا احترام کرنے والوں کا یہی رویہ ہونا چاہیے جو ہم نے کیا۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صنم جاوید کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مقدمے سے بری کر دیا تھا۔عدالت سے رہائی کے بعد وہ وکلا کے ہمراہ روانہ ہوگئیں تھیں۔
خیال رہے کہ 10 مئی 2023 کو گرفتار ہونے والی صنم جاوید کو 14 ماہ 4 دن قید رہنے کے بعد آزادی ملی تھی۔ مسلم لیگ نون کے رہنما سعد رفیق نے صنم جاوید کی دوبارہ گرفتاری پر احتجاج کیا ہے ۔ ایکس پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ صنم جاوید کے بچوں کا بھلا کیا قصور ہے ۔ ایک ماں کو بچوں سے دور نہ کیا جائے ۔ آخر ہمارے بھی بچے ہیں ہمیں سوچنا چاہیئے
( بشکریہ : جیو نیوز )
فیس بک کمینٹ