ملتان( اے پی پی )۔سینئر صحافی ملتان، ملتان پریس کلب کے سابق صدر ،اوراے پی پی اردوسروس ملتان کے سابق انچارج غضنفرعلی شاہی طویل علالت کے بعد جمعہ کی صبح ملتان میں انتقال کرگئے ۔ان کی عمر 75برس تھی اوروہ طویل عرصہ سے پھیپھڑوں کے عارضے کے باعث صاحب فراش تھے ۔
ان کی نماز جنازہ جمعہ کے روز بعدنماز عصر پانچ بجے سہ پہر جناز گاہ ای بلاک شاہ رکن عالم کالونی ملتان میں اداکی جائے گی ۔غضنفرعلی شاہی نومبر1947کولائل پور(فیصل آباد)میں پیداہوئے ۔ میونسپل سکول فیصل آباد سے پرائمری اورگورنمنٹ ہائی سکول نمبر1ڈیرہ غازیخان سے1962 میں میٹرک کیا ۔اانہوںنے گورنمنٹ کالج ڈیرہ غازیخان سے انٹرمیڈیٹ کاامتحان پاس کیااوراس کے بعد لاہورچلے گئے۔گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن اورپنجاب یونیورسٹی سے 1968میں ایم اے کیا۔غضنفرشاہی 1984 میں روزنامہ نوائے وقت سے منسلک ہوئے ۔انہوں نے نوائے وقت میں رپورٹراورپھر چیف رپورٹرکی حیثیت سے فرائض انجام دیئے ۔سال 2002میں ملتان سے روزنامہ ایکسپریس کااجراءہوا توغضنفرشاہی چیف رپورٹر کی حیثیت سے اس کے ساتھ وابستہ ہوگئے اور2004تک ایکسپریس کے چیف رپورٹرکی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے ۔وہ2005سے 2007تک روزنامہ پاکستان سے منسلک رہے ۔2008میں وہ اے پی پی اردوسروس ملتان کے ساتھ منسلک ہوئے اور2012تک اے پی پی میں فرائض انجام دیتے رہے ۔ انہیں اردوسروس ملتان کا پہلا انچارج ہونے کااعزازبھی حاصل ہے ۔
غضنفرعلی شاہی 1992میں ملتان پریس کلب کے صدرمنتخب ہوئے ۔انہوں نے مسلسل تین سال پورے پینل کے ساتھ کامیابی کاریکارڈبھی قائم کیا۔اس کے علاوہ انہیں پانچ مرتبہ ملتان پریس کلب کی صدارت کے عہدے پرفائز ہونے والے پہلے صحافی کااعزازبھی حاصل ہے۔ان کے پسماندگان میں بیوہ اورتین بیٹے عمارغضنفر،جواد غضنفراورحمادغضنفرشامل ہیں ۔
دریں اثناءاے پی پی ملتان کے کارکنوں کاتعزیتی اجلاس سٹیشن منیجر افتخاراحمد قاضی کی صدارت میں منعقدہوا۔جس میں اے پی پی اردو سروس کے انچارج رضی الدین رضی اورسینئر رپورٹر جہانگیر ترین سمیت سٹاف کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔اجلاس میں غضنفرعلی شاہی کی وفات پرگہرے دکھ اورصدمے کااظہارکیاگیااوران کی وفات کو جنوبی پنجاب کی صحافت کے لئے ناقابل تلافی نقصان قراردیاگیا۔اس کے علاوہ ملتان پریس کلب ،ملتان یونین آف جنرلسٹس کے عہدیداروںنے بھی ان کی وفات پردکھ کااظہارکیاہے اورکہاہے کہ کارکن صحافیوں کی فلاح وبہبودکے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔
فیس بک کمینٹ

