سیول : شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ اپنے کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات سے بچانے کے لیے وہ اس سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت نہیں کرے گا۔
اس اعلان سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ جنوبی کوریا کا اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اولمپکس کو سفارتکاری کے لیے استعمال کرنے کے منصوبے پر عمل نہیں ہو پائے گا۔ تین سال قبل ہونے والے سرمائی اولمپکس کھیلوں میں دونوں ملکوں نے مشترکہ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے سربراہان کے مابین تاریخی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا کے حکام کا دعوی ہے کہ ان کے ملک میں کورونا وائرس کا کوئی بھی کیس اب تک سامنے نہیں آیا ہے لیکن ماہرین اس دعوی کو تسلیم نہیں کرتے۔
اس اعلان کے بعد شمالی کوریا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے اس سال ہونے والے اولمپکس سے اپنی دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )