کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز شدید مندی کا رجحان برقرار رہا جب 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھی گئی۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے رجحا ن کی وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں کم دلچسپی تھی۔سٹاک مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی بہت ساری وجوہات ہیں جس کی وجہ سے سرمایہ کار حصص کی خریداری نہیں کر رہے۔
ڈارسن سکیوریٹیز میں کام کرنے والے تجزیہ کار شہر یار بٹ کے مطابق ’مندی کی سب سے بڑی وجہ تو آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے ساتھ قرضہ پروگرام کی بحالی میں ہونے والی تاخیر ہے جو پروگرام کی بحالی سے پہلے تیل و بجلی کی قیمتوں پر دی جانے والی سبسڈی کا خاتمہ چاہتا ہے اس کے ساتھ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے بعد بھی ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو کتنی مالی معاونت دی جائے گی۔‘
شہر یار بٹ نے کہا کہ ’موجودہ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ریکارڈ تجارتی خسارے اور کم ہوتے زرمبادلہ ذخائر ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہیں جس کا منفی اثر اسٹاک مارکیٹ کے کاروبار پر پڑ رہا ہے‘۔
دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا جب کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایک ڈالر کی قیمت میں نوے پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب اس کی قیمت 187.53 پر بند ہوئی۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ