پشاور : خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ایک بم دھماکے میں چار افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے ایک دوسرے واقعے میں دو بھائیوں کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا ہے۔
کرم کے ایک پولیس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ کوڑم روڈ پر مسافر گاڑی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی اطلاع یہ تھی کہ یہ آئی ای ڈی دھماکہ تھا تاہم اب تک کی معلومات کے مطابق یہ ایک مقناطیسی بم تھا جو کہ گاڑی کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق بظاہر یہ ایک دہشتگردی کا واقعہ تھا۔
دوسری طرف ادھر لوئر کرم کے علاقے ساتین میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو بھائیوں کو مبینہ طور پر قتل کیا ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے ایک بھائی ’سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔‘ تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ جمعے کو علاقے کے عوام نے بدامنی کے خلاف امن مارچ کیا تھا اور حکومت سے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور شدت پسندی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
فیس بک کمینٹ