ملتان (اے پی پی):بہاؤالدین زکریاایکسپریس میں ریلوے اہلکاروں کی جانب سے مسافرخاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے ملزمان کو حراست میں لے لیاگیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ ڈی ایس ریلوے ملتان حماد حسن مرزا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون 27مئی کو نجی کمپنی کے زیراہتمام چلنے والی ٹرین بہاؤالدین زکریاپر کراچی روانہ ہوئی تھی اورروہڑی کے قریب اس کے ساتھ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایاکہ نجی کمپنی کے منیجر تنویر کی معاونت سے ملزمان زوہیب اور زاہد کو حراست میں لے لیاگیا ہے اوران سے تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم عاقب کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اسے بھی کچھ دیر میں پولیس کے سامنے پیش کردیاجائے گا۔
واضح ہو کہ آئی جی ریلویز فیصل شاہکار نے اس واقعہ کی خبروائرل ہونے کے بعد ملزمان کی فوری گرفتاری کاحکم دیاتھا۔واقعہ کے مطابق ٹکٹ چیکرز عاقب، زاہد اور ان کاساتھی زوہیب خاتون کو ٹکٹ چیکنگ کے بہانے اے سی کلاس میں لے گئے جہاں اسے اجتماعی زیادتی کانشانہ بنایاگیا۔خاتون نے کراچی پہنچنے پر خود پولیس سے رابطہ کیا اور ریلوے پولیس کراچی سٹی میں مقدمہ درج کرلیاگیاجس کے بعد ریلوے ملتان کے حکام بھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم ہوگئے۔ڈی ایس ریلوے حماد حسن مرزا نے مزید کہاکہ اس افسوسناک واقعہ میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی ہمیشہ یہ کوشش ر ہی ہے کہ ان کے مسافروں کے جان ومال اور عزت محفوظ رہے۔اس واقعہ میں پاکستان ریلویز کے ملازمین ملوث نہیں ۔یہ ٹرین نجی کمپنی چلارہی ہے اور ملزمان کاتعلق بھی اسی کمپنی سے ہے۔
فیس بک کمینٹ

