لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھارت میں اگلے ماہ کے پہلے ہفتے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو حتمی شکل دی ہے اور اس کا اعلان کل کردیا جائے گا۔
پی سی بی اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے مکی آرتھر کی سربراہی میں قائم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف، کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور سابق کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ سے ملاقات کی، جس میں سری لنکا میں منعقدہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق گزشتہ روز میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے تھے تاہم آج انہوں نے ذکا اشرف سے ملاقات کی اور اپنی آرا سے آگاہ کیا۔بورڈ نے بتایا کہ اس جائزے کی تکمیل کے بعد چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کے انتخاب کو حتمی شکل دے دی ہے اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعے کو صبح سوا گیارہ بجے کر دیا جائے گا۔
بھارت میں 5 اکتوبر کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم رواں مہینے ہی پڑوسی ملک روانہ ہوگی جہاں قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 29 ستمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں وارم اپ میچ سے کرے گی۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کا وارم اپ میچ تماشائیوں کے بغیر بند دروازوں کے پیچھے رکھا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ پولیس نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) سے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے وارم اپ میچ ملتوی کرنے کے لیے کہا تھا جہاں پولیس 28 ستمبر کو ختم ہونے والے ہندو مذہبی تہوار کی سیکیورٹی میں مصروف ہوگی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس میچ کے لیے جن شائقین کی ٹکٹس خرید رکھے تھے انہیں رقم واپس کردی جائے گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گی، قومی ٹیم کا دوسرا میچ 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی سری لنکا سے ہوگا۔
روایتی حریف پاکستان اور میزبان بھارت کرکٹ کے دنیا کے سب سے بڑے میدان احمد آباد میں 14 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے، جس کے بعد پاکستان کا میچ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہوگا۔
قومی ٹیم کا کا اگلا میچ 23 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چنائی، 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف چنائی میں ہی ہوگا، بنگلہ دیش اور پاکستان ایڈن گارڈن کولکتہ میں 31 اکتوبر کو مقابلہ کریں گے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 نومبر کو بنگلورو میں میچ ہوگا اور قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کھیلے گی اور یہ میچ ایڈن گارڈن میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کا آغاز احمد آباد میں 5 اکتوبر کو دفاعی چمپیئن انگلینڈ اور گزشتہ ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے درمیان میچ سے ہوگا۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ