ابن انشا نے ’استاد مرحوم ‘ کے خاکے میں ایک جگہ لکھا ہے کہ ’’آپ کے ایک ہاتھ میں چھ انگلیاں تھیں اِس لیے گیارہ تک باآسانی گن لیتے تھے ۔‘‘سکردو میں تیسرے دن ہمیں جو ڈرائیور کم گائیڈ ملا اُس کے بھی ایک ہاتھ میں چھ انگلیاں تھیں مگر وہ بیچارہ فقط دس تک ہی گِن سکتا تھا کیونکہ اُس کے دوسرے ہاتھ میں نو انگلیاں تھیں، ایک انگلی اُس کی جلد باز ی کی وجہ سے کسی حادثے میں کٹ گئی تھی۔مگر اِس حادثے نےاُس کی ہیجان انگیز طبیعت پر کوئی اثر نہیں ڈالا تھا ۔جس رفتار سے گاڑی چلا کر اُس نے ہمیں سکردو گھمایا ، اگر ہم جہاز میں بیٹھ کر بھی جاتے تو اِس قدرکم وقت میں اتنی جگہیں نہ دیکھ پاتے۔آدھاسکردو اُس کا جاننے والا تھا، ہم جہاں جاتے آگے اُس کا کوئی نہ کوئی واقف مل جاتا ، وجہ یہ تھی کہ موصوف کا اصل کام نان کسٹم پیڈ گاڑیاں فروخت کرنا تھا ۔سوات کی طرح سکردو میں بھی یہ عام بات ہے ،یہ گاڑیاں افغانستان کے راستے پاکستان آتی ہیں اور پھر وہاں سےاِن علاقوں میں استعمال ہوتی ہیں۔
سکردو سے خپلو جانے میں تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں مگر یہ راستہ بے حد خوبصورت ہے ، سچ پوچھیں تو پورے سکردو کی دلکشی اسی راستے میں ہے ۔سڑک کے ساتھ ساتھ دریائے شیوک بہتاہے جس کا رنگ ایسا ہے کہ لگتاہے جیسے کائنات کے مصور نے کوئی عالی شان تصویر بنانے کی غرض سے فیروزی رنگ بکھیر رکھا ہو، یہی دریا آگے دریائے سندھ میں شامل ہوجاتا ہے اسی لیے اسے سندھ کا معاون دریا کہتے ہیں ۔پہاڑوں کی چوٹیوں پر جہاں برف نظر آتی ہے وہ پہاڑ چاندی کےدکھائی دیتے ہیں۔ شیوک ابھی اپنے جوبن پر نہیں تھا، جون اور جولائی میں یہ دریا بھر جاتا ہے اور پھر اِس کی لہریں دور تک پہاڑوں سے ٹکراتی ہیں اور اٹکھیلیاں کرتی ہوئی آگے نکل جاتی ہیں۔انڈیا نے اپنی فلموں میں اِن جگہوں کا خوب استعمال کیا ہے ، شاہ رُخ خان کی فلم ’جب تک ہے جان‘ کا ابتدائی منظر اور عامر خان کی ’تھری ایڈیٹس ‘ کا آخری منظر لداخ میں فلمایا گیا ہے۔ یہاں ہمیں ایسے ہی لگا جیسے ہم اِن فلموں کی لوکیشنز پر گھوم رہے ہوں۔جیو ٹی وی نے حال ہی میں ’خئی ‘ ڈرامہ بنایا جس کو یہیں سکردو میں فلمایا گیا، اِس ڈرامے میں دکھائی گئی گلگت بلتستان کی خوبصورتی بھی ایک وجہ تھی جس نے ہمیں سکردو آنے پر مجبور کیا ۔اپریل مئی کے مہینوں میں اِن جگہوں پر چونکہ رش کم ہوتا ہے اِس لیے راستے میں ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی ۔مجھے سنسان سڑکیں اور راستے بہت پسند ہیں بشرطیکہ چند کلومیٹر بعد کچھ نہ کچھ آبادی نظر آجائے ۔خپلو کا راستہ ایسا ہی تھا ۔ پہاڑوں کے بیچوں بیچ دریا کے ساتھ ساتھ ہماری گاڑ ی بھاگتی جا رہی تھی اور ہمیں یوں لگ رہا تھا جیسے ’ہم دونوں ‘ جنت کی سیر کے لیے نکلے ہوں۔ ویسے اگریہ راستہ ایسا دلفریب نہ بھی ہوتا تومیرا احساس پھربھی یہی ہوتا کیونکہ میں ’اُس ‘ کے ساتھ تھا جس کے ساتھ گزرا ہوا ہر پل مجھے جنت میں گزرے ہوئے وقت کی مانند لگتا ہے ۔راستہ جب حد سے سنسان ہوجاتا تواچانک دور کہیں اکا دکا گھر نظر آجاتے اورپھر ہمیں پتا چلتا کہ یہ کوئی گاؤں ہے۔خپلو کے سارے راستے میں ایسے کئی چھوٹے چھوٹے گاؤں آئے اور ہر گاؤں میں اسکول بھی نظر آیا ۔اِس علاقے کے بارے میں ایک دلچسپ بات معلوم ہوئی کہ یہاں کی عورتیں کام کرتی ہیں اور مرد سارا دن فارغ بیٹھے رہتے ہیں، اِس بات کا مشاہدہ ہم نے بھی کیا ، جہاں بھی گئے راستے میں مرد سڑک کے کنارے ’ویلے‘ بیٹھے نظر آئے ،سوائے آتی جاتی گاڑیوں کو گننے کے اُن کی کوئی ’جاب ‘نہیں تھی جبکہ عورتیں گھروں اور کھیتوں میں کام کرتی نظر آئیں ۔
شگر کی طرح خپلو میں بھی ایک قلعہ ہے جو کسی زمانے میں علاقے کے راجہ کی ملکیت تھا مگر 1999 میں راجہ صاحب نے قلعے کو لیز پر دے دیا اور خود قلعے کے ساتھ ’رائل کاٹیج‘ میں منتقل ہوگئے ۔ بعد ازاں اِس قلعے کی مرمت اور تزئین و آرایش کا کام آغا خان فاؤنڈیشن نے کیا جس کے بعد اسے سیرینا ہوٹل کے حوالے کر دیا گیا ۔ہوٹل کا کھانا بہت اچھا تھا اور قیمت بھی مناسب تھی مگر رہایشی کمروں کا کرایہ بہت زیادہ ہے ، اگر آپ ایڈونچر ٹورسٹ نہیں تو یہاں قیام کرنے کی نہ ضرورت ہے اور نہ فائدہ، یہ ہوٹل غیر ملکی سیاحوں کے لیے ٹھیک ہے ،اسی لیے ہم نے بھی فقط قلعے کی سیر پر ہی اکتفا کیا ۔اِس کےتاریخی کمرے اب بھی محفوظ ہیں ، آپ اُس کمرے میں بھی قیام کر سکتے ہیں جس میں کسی زمانے میں راجہ صاحب رہا کرتے تھے۔یہ قلعہ دیکھتے ہوئے ایک بات کا شدت سے احساس ہوا کہ پرانے وقتوں میں راجوں مہاراجوں کی زندگیوں میں صرف عیاشی ہی نہیں ہوتی تھی بلکہ اُنہیں ہر وقت یہ دھڑکا بھی لگا رہتا تھا کہ کہیں کوئی دشمن راتوں رات حملہ کرکے انہیں خاندان سمیت قتل نہ کردے ۔اِس قلعے کے حوالے سے ایک بات یہ بھی مشہور ہے کہ اصل قلعہ اوپر پہاڑوں کے درمیان تھا جبکہ یہ جگہ راجہ صاحب کی رہایش گاہ تھی ۔ خدا جانے اِس بات میں کتنی صداقت ہے لیکن یہ رہایش گاہ بھی کسی قلعے سے کم نہیں تھی۔ راجہ اور اُس کے گھر والوں کے لیے ہنگامی حالت میں نکلنے کے لیےراستے بنائے گئے تھے حتّیٰ کہ اُن کے سونے کے کمروں کے باہر سیڑھیوں کو بھی دروازے سے بند کرکے تالا لگا دیا جاتا تھا اور اُس پر محافظ پہرا دیتا تھا ۔ گائیڈ نے ہمیں راجہ اور رانی کی خوابگاہیں بھی دکھائیں مگر یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ دونوں الگ الگ کمروں میں کیوں سوتے تھے !
ہمارے ہر فن مولا ڈرائیور نے بتایا کہ سکردو سے خپلو جاتے ہوئے ایک مقام پر سڑک کارگل کی طرف جاتی ہے جس پر سفر کرکے آپ دو اڑھائی گھنٹوں میں کارگل پہنچ سکتے ہیں ۔ایک لمحے کے لیے ہمارا دل تو کیا کہ گاڑی کا رُخ کارگل کی طرف موڑ لیں مگر پھر یہ سوچ کر ارادہ ملتوی کر دیا کہ اتنا ایڈونچر اچھا نہیں ۔خپلو کے قریب ہی سالنگ نامی ایک گاؤں کی بھی تعریف سنی تھی ،یہ گاؤں خپلو سے بیس پچیس منٹ کی مسافت پر ہے ۔ دریا کو ہم نے پُل کے ذریعے عبور کیا ۔ دریا کے پار اترتے ہی ہمیں یوں لگا جیسے ہم دنیاکے آخری کونے میں آگئے ہیں ۔ یہاں نہ کوئی بندہ تھا نہ بندے کی ذات ۔ کچھ مزید آگے گئے تو گاؤں کے آثار نظر آئے حتّی ٰ کہ وہاں ایک کرکٹ سٹیڈیم بھی تھا ۔ سالنگ میں بہت سے فش فارم ہیں جہاں ٹراؤٹ فش ملتی ہے ۔ ہم جس فارم پر گئے وہ ویران پڑا تھا مگر اُس کے مالک نے بتایا کہ دوپہر میں پانچ سات ٹولیاں کھانا کھا کر گئی ہیں سو کام چل رہا ہے ، آگے سیزن میں رش ہوگا۔واپسی پر جب ہم اسی پُل سے گزرے تو سامنے کا منظر دیکھ کر دھک سے رہ گئے ۔ہمارے دونوں جانب دریائے شیوک تھا جس کا پانی ہر پل رنگ بدل رہا تھا اوربالکل سامنے بلند و بالا پہاڑ ۔ دنیا میں لا تعداد جگہیں ایسی ہیں جہاں پہاڑ اور دریا آپس میں ملتے ہیں مگر وہ پہاڑ دریا سے دور ہوتے ہیں ، اِس قدر قریب پہاڑ میں نے خپلو کے علاوہ صرف ناروے میں ایک جگہ دیکھا تھا مگر اُس کے ساتھ بھی جھیل تھی ایسا دریا نہیں تھا ۔ہم ٹکٹکی باندھ کر اُس پہاڑ کو دیکھتے رہے،شام کے سائے گہرے ہونے والے تھے اور یہاں ویرانی بڑھتی جا رہی تھی ، مگر اِس ویرانی میں عجیب سا رومانس تھا۔میں نے گھڑی دیکھی ، اُس کی سوئیاں حرکت نہیں کر رہی تھیں، شاید میرا وہم تھا یا پھر وقت سچ مُچ تھم گیا تھا ۔اُس لمحے مجھ پر آشکا ر ہوا کہ آئن سٹائن کاخصوصی نظریہ اضافیت درست ہے۔
لوگ کہتے ہیں کہ ہم سیاحت سے کروڑوں ڈالر کما سکتےہیں ، شاید یہ بات درست ہو، مگر سکردو میں چار دن گزارنے کے بعد میں اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ کروڑوں تو کیا ہم سیاحت سے چند لاکھ ڈالر بھی اُس وقت تک نہیں کما سکتے جب تک کمانے کا کوئی طریقہ دریافت نہ کرلیں۔ سکردو میں ہزاروں غیر ملکی سیاح آتے ہیں مگراِس سے حکومت کو ایک دھیلے کا فائدہ نہیں پہنچتا۔ کیوں ؟ اِس بات کا جواب اگلے کالم میں تلاش کرنے کی کوشش کریں گے ۔
(بشکریہ:روزنامہ جنگ)
فیس بک کمینٹ