Close Menu
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
Facebook X (Twitter)
منگل, جون 2, 2026
  • پالیسی
  • رابطہ
Facebook X (Twitter) YouTube
GirdopeshGirdopesh
تازہ خبریں:
  • دہشت گردی کے خاتمے میں علماء کرام کا کردار بہت اہم ہے : پروفیسر ڈاکٹر طحہ قریشی
  • ایران نے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی تردید کر دی
  • لبنان میں اسرائیل کے عزائم کیا ہیں؟ ۔۔ سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • لبنان کے تاریخی قلعے پر اسرائیلی قبضہ : فرانس نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا
  • فرانس میں چیمپیئنز لیگ کے جشن کے بعد ہنگامے، 400 سے زیادہ افراد گرفتار
  • امن معاہدہ تو تیار ، صرف سرنامے پر ’اختلاف‘ ہے : سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • تم جیو ہزاروں سال : پاکستان نے ہزارویں میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
  • اک اور ’ پنکی‘ کا سامنا تھا : مظہر عباس کا کالم
  • نومید ہم مباش کہ رندان بادہ نوش : وجاہت مسعود کا کالم
  • خانیوال میں غیر فطری جنسی عمل کے نتیجے میں خاتون کی موت، شوہر گرفتار
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
GirdopeshGirdopesh
You are at:Home»کالم»یاسر پیرزادہ کا مکمل کالم:پچاس روپے کا سفر
کالم

یاسر پیرزادہ کا مکمل کالم:پچاس روپے کا سفر

ایڈیٹرفروری 26, 20230 Views
Facebook Twitter WhatsApp Email
columns of yasir pirzada girdopesh.com
Share
Facebook Twitter WhatsApp Email

لاہور سے سوات کے لیے گھر سے نکلے تو اندازہ نہیں تھاکہ یہ سفر شیطان کی آنت ثابت ہوگا، اصل میں قصور ہمارااپنا تھا ، موٹر وے لینے کی بجائے ہم نے اپنی پرانی محبت یعنی جی ٹی روڈ کو ترجیح دی ، اکثر جب ہمیں ناسٹلجیا کا دورہ پڑتا ہے تو ہم جی ٹی روڈ پر سفر کرتے ہیں ، اِس مرتبہ بھی کچھ ایسا ہی ہوا مگر لگتا ہے کہ اب ہمیں اِس محبوبہ کے ساتھ بریک اپ کرنا پڑے گا ۔ہوا یوں کہ لالہ موسیٰ کے قریب یکدم جی ٹی روڈ سے گاڑیاں واپس مُڑنے لگیں تو ہمارا ماتھا ٹھنکا، تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ آگے کسی گاؤں میں قتل ہوا ہے اور مقتول کے ورثا نے سڑک بلاک کر رکھی ہے ، ہم نے بھی گاڑی واپس موڑ کر کچے میں ڈال دی جہاں سب گاڑیاں جا رہی تھیں ، کچھ دور جا کر دیکھا تو سب گاڑیاں ادھر ادھر غائب ہو چکی تھیں اور صرف گاڑی ’ڈیڈ اینڈ‘ پر کھڑی تھی ۔وہاں لوگوں سے راستہ پوچھا تو ایک مرد عاقل نے،جس کی شکل مہاتما بدھ سے ملتی تھی، بتایا کہ آپ گنجا موڑ کے راستے جائیں ، وہیں سے آپ کو کھاریاں کے قریب دوبارہ جی ٹی روڈ مل جائے گی۔اُس کا کہا صحیح ثابت ہوا مگر اِس اضافی سفر میں ہمیں دوگھنٹے لگے اور ہم دوبارہ جی ٹی روڈ پر واپس آگئے۔
یہ چونکہ ’فیملی ٹرپ‘ تھا اِس لیے ہم نے ویگن کرائے پر لے ہوئی تھی ،ویگن کےڈرائیور کی شکل امریکی اداکارسکیٹ اُلرِک سے ملتی تھی ، اگر اسے نہلا دھلا کر سرخی پاؤڈر لگایا جاتا اور ڈھنگ کے کپڑے پہنائے جاتے تو ہو بہو وہی لگتا ۔اُس کو اپنا چالان کروانے کا بہت شوق تھا، لاہور سے نکلتے وقت ہم ایک کھوکھے پر کچھ دیر کے لیے رکے کہ وہاں سے نان چنے کھائیں تو اُس نے چھ سو روپے کا چالان ہمارےہاتھ میں تھمادیا ، کہنے لگا یہ روٹ پرمٹ والوں نے کیا ہے ، ہم نے کہا کہ کسی نے روکا ہی نہیں تو چالان کیسے ہوگیا، بڑی رسان سے بولا کہ وہ لوگ یہیں کھڑے ہوتے ہیں اور مجھے پہچانتے ہیں۔اُس کے بعد موصوف نے گوجرانوالا داخل ہونے سے پہلے اعلان کیا کہ یہاں بھی ہمارا چالان ہوگا کیونکہ شہر میں شام سے پہلے بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے ، ایک جگہ تو اُس نے ٹریفک پولیس کے سپاہی کو دیکھ کر بریک بھی لگانی چاہی مگر پھر میرے چھوٹے بھائیوں جیسے کزن سید کاشف عزیر نے اسے سمجھایا کہ عزیزم اگر اُس شریف آدمی نے آپ کو نہیں روکا تو آپ کیوں اپنے پیر پر کلہاڑی ماررہے ہیں ، چلتے رہیے۔ڈرائیور نے بادل نخواستہ گاڑی سڑک پر ڈال دی مگر آگے چل کر یہی حرکت جناب نے راولپنڈی اور سوات میں بھی کی، کسی نے اسے رکنے کے لیے نہیں کہا مگر اُس نے خواہ مخواہ گاڑی ناکے پر لے جا کر روک دی۔کاشف عزیر کو ہم نے گوجرانوالہ سے اٹھایا تھا ، موصوف کے دو ہی شوق ہیں،اچھے کھانے اور پرانی گاڑیوں تلاش۔گاڑی میں بیٹھتے ہیں ہی وہ اُسے یوں سونگھتے ہیں جیسے آدم خور جِن انسان کی بُو سونگھتا ہے۔ہماری ویگن میں بیٹھتے ہی موصوف نے اعلان کیا کہ بھائی جان اِس کی سسپنشن ٹھیک نہیں ، اسے فوراً گریس دینے کی ضرورت ہے ، یہاں ساتھ ہی میرا مکینک ہے ، ہم گاڑی ورکشاپ لے جا کر کھڑے کھڑے یہ کام کروا لیتے ہیں ، وہ تو شکر ہے کہ جمعہ کا دن تھا، ورکشاپ بند ملی ورنہ کاشف نے وہیں پوری گاڑی کھلوا لینی تھی۔
سوات میں داخل ہوتے ہوتے رات کے آٹھ بج گئے ، جس ہوٹل میں ہماری بکنگ تھی وہ دریا کے کنارے تھا ، سوات میں زیادہ تر ہوٹل دریا کے ساتھ ہیں، خدا جھوٹ نہ بلوائے تو ہوٹلوں کی قطار دیکھ کر لاس ویگاس کی ’سٹرپ‘ یاد آگئی،ہم غریبوں کا گزارا اب اسی سٹرپ پر ہے۔اِس دریا میں گزشتہ برس سیلاب کی وجہ سے بہت سے ہوٹلوں کو نقصان پہنچا تھا اور اِس کی وجہ غیر قانونی تعمیرات تھیں، اب وہاں بند باندھنے کا کام ہورہا ہے ، تعمیرات بھی مسمار کر دی گئی ہیں ، امید ہے کہ آئندہ ایسی تباہی نہیں ہو گی۔ سوات جیسے شہروں میں ہوٹل تو بہت ہوتے ہیں مگر اُن میں جدیدیت نہیں ہوتی، شہری قسم کا بندہ اُن مقامی ہوٹلوں میں ٹھہرنا پسند نہیں کرتا، وہ ایک خاص قسم کی برینڈنگ کا عادی ہوتا ہے جو اِن دیسی طرز کے ہوٹلوں میں اسے نہیں ملتی ، ایسے میں پھرفائیو سٹار ہوٹل ہی بچتے ہیں مگر وہ اب بے حد مہنگے ہوچکے ہیں، جس ہوٹل میں ہم نے پچھلے سال قیام کیا تھا اُس کا کرایہ تین گنا بڑھ چکا ہے۔ ایسے میں کراچی کے کسی شخص نے کما ل کا کاروبار شروع کیا ہے ، اُس نے پاکستان کے چودہ شہروں میں مقامی ہوٹلوں کے ساتھ شراکت کرکے اُن سے کچھ کمرے حاصل کیے اور اُن کمروں کی برینڈنگ کرکے انہیں شہری مسافروں کے لیے قابل قبول بنا دیا، یہ کمرے مناسب پیسوں میں دستیاب ہیں، انہیں آپ بجٹ ہوٹل کہہ سکتے ہیں ۔ہم ایسے ہی ایک ہوٹل میں ٹھہرے، یہاں صرف ناشتے کی سروس اتنی عمدہ نہیں تھی باقی سب بہترین تھا، ناشتے کے لیے انہوں نے ایک تیسرے ریستوران سے معاہدہ کر رکھا تھاجو فی کس کے حساب سے اُن کا شراکت دار تھا۔
سوات سے ہمارا ارادہ مالم جبہ جانے کا تھا، بلاشبہ یہ پاکستان کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک ہے،یہاں برف سے ڈھکے ہوئے پہاڑوں پر آپ سکینگ بھی کرسکتے ہیں ، اُس کے لیے تمام اشیا یہاں دستیاب ہیں، اِس کے علاوہ چئیر لفٹ اور زپ لائن بھی موجود ہے، اِن تفریحات کے لیے لوگ یورپ جاتے ہیں جبکہ اپنے ہاں اب بھی یہ سب کچھ کم پیسوں میں ممکن ہے ۔زپ لائن کے لیے پہلے آپ چئیر لفٹ کے ذریعے اونچائی تک جاتے ہیں اور پھر وہاں سے کمر پر زنجیر کس کر پہاڑوں کے درمیان تقریباً پرواز کرتے ہوئے فائیو سٹار ہوٹل کی چھت پر اترتے ہیں۔ یہ کام کرتے ہوئے پہلے تو مجھے کچھ خوف محسوس ہوا مگر پھر نیچے دیکھ کر اطمینان ہوا کہ اگر نیچےگر بھی گیاتو ایک آدھ ہڈی تو شایدٹوٹ جائے پر جان بچ جائے گی۔سوات میں سیکورٹی کا بندوبست تسلیٰ بخش تھا، مالم جبہ کے ہوٹل میں تو خاصی سختی تھی ، اُس کے باہر بھی پولیس والے تعینات تھے، ایک بات جو مجھے آج تک سمجھ نہیں آسکی وہ سوات کی نان کسٹم پیڈگاڑیاں ہیں۔یہاں ہر شخص کے پاس سمگل شدہ گاڑیاں ہیں اور وہ اُن پر اپنی مرضی کا نمبر لگا کر پھرتا ہے ، جیسے دادا 1، خان786 وغیرہ۔ چپے چپے پر غیر قانونی شو روم ہیں جہاں سمگلنگ کی گاڑیاں اونے پونے داموں مل جاتی ہیں، کسی گاڑی کے کوئی کاغذات نہیں ہیں، جس کے پاس چابی وہی گاڑی کا مالک، جو گاڑی لاہور میں تیس لاکھ کی ہے وہ سوات میں آٹھ لاکھ میں مل جاتی ہے، کروڑوں کی گاڑیاں یہاں چند لاکھ میں دستیاب ہیں ، یہ لوگ آپ کو گاڑی پہنچانے کی ضمانت بھی دیتے ہیں ، اُس کے بعد آپ کا ذمہ۔یہ سب کاروبار کیوں اور کیسے چل رہا ہے ، یہاں قانون لاگو کیوں نہیں ہوتا، مجھے اِس کا علم نہیں۔
کووڈ کے بعد پاکستان میں مقامی سیاحت کوخاصا فروغ ملا تھا،میرا اندازہ ہے کہ مقامی سیاحت میں اب بھی وسیع امکانات موجود ہیں ، ہمارے ہاں کا ’اربن ٹریولر‘ یہ چاہتا ہے کہ جب وہ شمالی علاقہ جات، سندھ ،بلوچستان یا چولستان کا سفر کرے تو راستے میں صاف ستھرے کیفے، ریستوران اور واش روم ملیں،چھوٹے شہروں میں رہائش کے لیے جدید طر ز کے بجٹ ہوٹل ہوں اور سب سے بڑھ کرتحفظ کا احساس ہو۔پاکستان میں شاہراہوں کا نظام خاصا عمدہ ہے ، دور دراز علاقوں تک بھی موٹر وے یا ایکسپریس وے مل جاتی ہے ، اگر سیاحتی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تو پاکستان کی مقامی سیاحت کو مزید فروغ مل سکتا ہے ۔یہ باتیں تومیں نے لکھ دی ہیں مگر یہ نہیں لکھا کہ اگر یہ سب کچھ ہوبھی جائے تو اُس غربت کاکیاکریں گے جو ہمارے چاروں طرف پھیلی ہوئی ہے ، اربن ٹریولر ہی تو سب کچھ نہیں ، غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے بھی تو اسی ملک کے شہری ہیں ، لاہور سے سوات تک کے سفر میں ہم جہاں بھی رکے ، کوئی نہ کوئی بچہ ہمارے سامنے ہاتھ پھیلاکر کھڑا ہوجاتااور کہتا ’پچاس روپے۔‘ پچھتر برس ہوگئے، ہم اِن پچاس روپوں کا انتظام نہیں کرسکے!
(گردوپیش کے لیے ارسال کیا گیا کالم)

فیس بک کمینٹ

  • 0
    Facebook

  • 0
    Twitter

  • 0
    Facebook-messenger

  • 0
    Whatsapp

  • 0
    Email

  • 0
    Reddit

Share. Facebook Twitter WhatsApp Email
Previous Articleسلمان عابدکا کالم:دہشت گردی کا سیاسی المیہ
Next Article این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری
ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

دہشت گردی کے خاتمے میں علماء کرام کا کردار بہت اہم ہے : پروفیسر ڈاکٹر طحہ قریشی

جون 1, 2026

ایران نے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی تردید کر دی

جون 1, 2026

لبنان میں اسرائیل کے عزائم کیا ہیں؟ ۔۔ سید مجاہد علی کا تجزیہ

جون 1, 2026

Comments are closed.

حالیہ پوسٹس
  • دہشت گردی کے خاتمے میں علماء کرام کا کردار بہت اہم ہے : پروفیسر ڈاکٹر طحہ قریشی جون 1, 2026
  • ایران نے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی تردید کر دی جون 1, 2026
  • لبنان میں اسرائیل کے عزائم کیا ہیں؟ ۔۔ سید مجاہد علی کا تجزیہ جون 1, 2026
  • لبنان کے تاریخی قلعے پر اسرائیلی قبضہ : فرانس نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا مئی 31, 2026
  • فرانس میں چیمپیئنز لیگ کے جشن کے بعد ہنگامے، 400 سے زیادہ افراد گرفتار مئی 31, 2026
زمرے
  • جہان نسواں / فنون لطیفہ
  • اختصاریئے
  • ادب
  • کالم
  • کتب نما
  • کھیل
  • علاقائی رنگ
  • اہم خبریں
  • مزاح
  • صنعت / تجارت / زراعت

kutab books english urdu girdopesh.com



kutab books english urdu girdopesh.com
کم قیمت میں انگریزی اور اردو کتب خریدنے کے لیے کلک کریں
Girdopesh
Facebook X (Twitter) YouTube
© 2026 جملہ حقوق بحق گردوپیش محفوظ ہیں

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.