نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یوم علیؓ کے موقع پر ہر قسم کے جلوس نکالنے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یوم علیؓ کے موقع پر جلوسوں پر پابندی کورونا کیسز بڑھنے کے باعث لگائی گئی ہے، پابندی خاص طور پرشہری علاقوں میں کورونا کیسز بڑھنے کے باعث لگائی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علیؓ کے موقع پر مجالس کے انعقاد کی اجازت ایس او پیز کے تحت ہو گی۔
دریں اثناءملک میں کورونا سے مزید 146 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد وائرس سے ہونے والی اموات 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48740 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4696 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 146 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.6 فیصد رہی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 17957 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 8 لاکھ 25519 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 90553 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5544 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 17009 ہو گئی ہے۔
(بشکریہ: جیونیوز)
فیس بک کمینٹ

