ملتان (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ حکومت نے احساس راشن پرگرام کے تحت کریانہ فروشوں کو 8فیصدکمیشن دیاجائے گا جو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگا۔اس کے علاوہ ہرتین ماہ بعد نیشنل بینک کی جانب سے دکانداروں کے لئے انعامی سکیم بھی جاری کی جائے گی جس میں انہیں عمرے کے ٹکٹ سمیت قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان چیمبرآف کامرس میں تاجروں اورصنعت کاروں سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ احساس پروگرام کے تحت 16منصوبے شروع کئے گئے جبکہ80 ہزار خاندان احساس کفالت پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ احساس پروگرام کی 12 ہزار روپے کی رقم جلد 13 ہزار روپے کر دی جائے گی۔ احساس کفالت پروگرام سے 2 کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ حکومت نے احساس ٹریکنگ کے نام سے پورٹل بنا دیا ہے۔ احساس راشن پروگرام 2 کروڑ خاندانوں کیلئے ہے جس کے تحت دالوں پر 55 روپے فی کلو، گھی پر 105 روپے اور آٹے پر 22 روپے فی کلو رعایت ہوگی۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ احساس راشن پروگرام میں کوئی بھی کریانہ سٹور رجسٹر ہوسکتا ہے۔
قبل ازیں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرثانیہ نشترنے کہاکہ احساس راشن اور کفالت پروگرام کامیابی کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی عوام میں رقوم کی تقسیم کا کوئی منصوبہ لایا جاتا ہے تو جرائم پیشہ افراد لوگوں کو گمراہ کر نے کے لیے رقوم ملنے کے پیغامات بھیجتے ہیں ایسے عناصر کیخلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ احساس راشن پروگرام مہنگائی کو کم کرنے کے لیے لایا گیا ہے، تمام مستحق افراد کو چاہیے کہ اپنی اپنی رجسٹریشن کروائیں، احساس کفالت پروگرام ملک کی 46 فیصد آبادی کااحاطہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا نیا سروے پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے،ہم نے احساس ٹریکنگ کے نام سے پورٹل بنا دیا ہے جس کے ذریعے مستحقین کاڈیٹاجمع کیاجارہاہے۔
فیس بک کمینٹ

