اسلام آباد : پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ طویل مذاکرات کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے اور فریقین نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں اُن کا کہنا ہے کہ ’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ طویل مذاکرات کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔ دونوں فریقین نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری اور مستقل طور پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون بروز جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’اس موقع پر ہم امریکہ اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کے عزم کا مظاہرہ کیا۔ ہم اس ثالثی عمل میں اپنے برادر ملک قطر کی قیادت کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی معاونت اس معاہدے تک پہنچنے میں نہایت اہم رہی۔‘
’ہم بالخصوص مملکتِ سعودی عرب اور ترکی کی قیادت کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں نے اس حوالے سے غیر معمولی کردار ادا کیا۔‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ’اب معاہدہ طے پانے کے بعد ثالثی ٹیمیں آئندہ ہفتے کے دوران متعدد اجلاسوں کا انعقاد کریں گی۔ یہ مشاورتی عمل ٹیکنیکل مذاکرات اور پھر باضابطہ دستخط کی تقریب کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔‘
( بشکریہ : بی بی سی )
فیس بک کمینٹ

