واشنگٹن :امریکی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ایک نجی طیارہ دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق حکام نے بتایا امریکا میں طیاروں کے مہلک حادثات کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے، مزید کہنا تھا کہ ایریزونا کے اسکاٹسڈیل ایئرپورٹ پر اب بھی ایک شخص ہوائی جہاز میں پھنسا ہوا ہے، جبکہ تین دیگر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ ایک جیٹ طیارہ ایک بڑے طیارے کے پیچھے سے ٹکرا گیا تھا۔فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کے ترجمان نے بتایا کہ ایک لیئرجیٹ 35 (اے) لینڈنگ کے بعد ایریزونا کے اسکاٹسڈیل میونسپل ایئرپورٹ پر گلف اسٹریم 200 بزنس جیٹ سے ٹکرایا۔ترجمان ایف اے اے کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ جہاز میں کتنے لوگ سوار تھے، ہوائی اڈے پر پروازوں کو عارضی طور پر روک رہے ہیں۔اسکاٹس ڈیل فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈیو فولیو نے کہا کہ یونٹ رن وے پر ایک شخص کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک لاش سمیت پانچ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 2 کو فوری طور پر مقامی ٹراما سینٹرز میں منتقل کر دیا گیا۔یہ حادثہ ہوا بازی حادثات کا تازہ ترین واقعہ تھا جس نے امریکا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ 30 جنوری کو امریکی ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر ریگن نیشنل ایئرپورٹ واشنگٹن کے قریب فضا میں ٹکراکر دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوگئے تھے، جس میں سوار تمام 67 افراد کی موت ہو گئی تھی۔بعد ازاں، یکم فروری کو امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں اڑان بھرنے کے فوری بعد ایئر ایمبولینس کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں ایک مریض بچی، اس کی والدہ اور عملے کے 4 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ