اسلام آباد:یوم استحصال کشمیر پر مسلح افواج کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جائز اور طویل جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسزکی مقبوضہ کشمیرمیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، بھارت کے غیرمنصفانہ اقدامات اور ریاستی جبر علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کا دارومدار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل میں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی غیرمعمولی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہیں، مسلح افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد میں حمایت جاری رکھیں گی۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ