اسلام آباد : پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے جیولن تھروئر ارشد ندیم سے ملاقات کی ہے اور انھیں نیا جیولین خریدنے کے لیے 25 لاکھ روپے کی رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
منگل کو ارشد ندیم نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ وہ ٹریننگ کے لیے جنوبی افریقہ جانا چاہتے ہیں۔ملاقات کی ایک ویڈیو میں ارشد ندیم نے پاکستانی وزیراعظم کو بتایا کہ ’میں نے ابھی جنوبی افریقہ جانا ہے ٹریننگ کے لیے، تو ویزے کے لیے اپلائی کر دیا ہے، تھوڑی مہربانی کریں کہ ویزہ جلدی آ جائے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے وہاں موجود وزرا کو ہدایات دیں کہ ارشد ندیم کے ویزے کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے۔
ارشد ندیم رواں برس پیرس میں 32 برس میں پاکستان کے لیے اولمپکس میں پہلا تمغہ حاصل کرنے کے لیے پرامید ہیں تاہم ان کے پاس موجود اکلوتی جیولن بھی خراب ہو چکی ہے۔
دوسری جانب ان کے حریف انڈیا کے نیرج چوپڑا کے لیے حکومت نے ٹوکیو اولمپکس سے پہلے 177 جیولن خریدے تھے۔دو ہفتے قبل بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے ارشد نے اپنی جیولن سے متعلق درپیش مشکلات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی جیولن کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا لیکن اس کے لیے ’بٹ صاحب (کوچ)، فیڈریشن والے کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ایک جگہ بات ہوئی ہے۔‘
انھوں نے بتایا تھا کہ ’اس جیولن کی قیمت سات سے آٹھ لاکھ کے قریب ہے جس کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کا جیولن تھرو کا ایونٹ اگست میں منعقد ہو گا، جس سے قبل وہ جنوبی افریقہ میں پانچ ہفتے کے پریکٹس کیمپ کے لیے جائیں گے اور پیرس اولمپکس کے لیے تیاری کریں گے۔خیال رہے کہ پاکستان نے سنہ 1992 کے بعد سے اولمپکس میں کوئی بھی میڈل نہیں جیتا۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ

