پیرس : پیرس میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کے ارشد ندیم کو جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے پر گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا ہے۔جیولن تھرو فائنل کی میڈل تقسیم کی تقریب میں انڈیا کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا۔
پاکستان کے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ بنانے اور طلائی تمغہ حاصل کرنے کے بعد مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے لیے کئی انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ارشد نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔ جمعرات کی شب سٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والے فائنل مقابلے میں ارشد کی پہلی تھرو فاؤل قرار دی گئی تاہم دوسری تھرو نے 2008 میں قائم کیا گیا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ ارشد کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔ارشد نے اس مقابلے میں اپنی آخری تھرو بھی 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر پھینکی۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ ارشد نے اپنے کریئر میں 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر تھروز کی ہیں۔ ماضی میں انھوں نے 2022 میں برمنگھم میں دولتِ مشترکہ کھیلوں میں 90.18 میٹر فاصلے پر جیولن پھینک کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔
جیولن کے فائنل مقابلے میں چاندی کا تمغہ ارشد کے دیرینہ حریف اور دفاعی چیمپیئن انڈیا کے نیرج چوپڑا نے حاصل کیا جنھوں نے 89.45 میٹر کی تھرو کی۔ یہ رواں برس ان کی بہترین تھرو تھی۔ کانسی کے تمغے کے حقدار گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز قرار پائے۔پیرس اولمپکس میں کوالیفیکیشن راؤنڈ میں انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا اپنی 89.34 میٹر کی تھرو کی بدولت پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ ارشد ندیم 86.59 میٹر کی تھرو کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر تھے۔
ارشد ندیم کی اس کامیابی سے پاکستانی قوم کا ان عالمی کھیلوں میں میڈل کے حصول کا تین دہائیوں سے جاری انتظار بھی بالاخر ختم ہو گیا۔
اس شاندار کامیابی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی احمد شہزاد اور گلوکار علی ظفر نے ارشد ندیم کے لیے 10، 10 لاکھ روپے جبکہ کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے ارشد کے لیے 20 لاکھ اور پاکستان کے نجی بینک یو بی ایل نے بھی ارشد کو 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں بلکہ ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے بھی ارشد ندیم کو 50 ہزار امریکی ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔ رواں برس اپریل کے دوران ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے اولمپکس ٹریک اور فیلڈ مقابلوں میں گول میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے اس حوالے سے ایک اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی خود میڈل جیتنے پر انعامی رقم ادا نہیں کرتی۔ ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن وہ پہلی انٹرنیشنل فیڈریشن ہے جس نے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر رکھا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ