لاہور : پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور میں سری لنکا کے خلاف انتہائی اہم میچ کے لیے فائنل الیون کا اعلان کر دیا ہے جس میں فخرزمان اور باہر رکھا گیا ہے اور مجموعی طور پر 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں بدترین شکست اور دو فاسٹ باؤلرز کی انجریز کے بعد سری لنکا کے خلاف اہم میچ کے لیے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
اس میچ کے لیے چند تبدیلیاں کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے مجبوراً کی گئیں جبکہ ایک تبدیلی ممکنہ اسپن وکٹ کے پیش نظر عمل میں لائی گئی ہے۔
بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے نسیم شاہ ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ زمان خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو سری کے خلاف میچ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔زمان خان کے علاوہ محمد وسیم جونیئر کو بھی فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے جو حارث رؤف کی جگہ لیں گے۔
اس کے علاوہ روایتی حریف کے خلاف میچ میں چہرے پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے سلمان علی آغا بھی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ سعود شکیل ایکشن میں نظر آئیں گے۔سری لنکا کے خلاف میچ میں ممکنہ اسپن وکٹ کے پیش نظر فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ کئی میچوں میں مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر فخرزمان کو آؤٹ آف فارم ہونے پر باہر بٹھایا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان بلے باز محمد حارث کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابراعظم(کپتان)، محمد حارث، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، زمان خان، شاہین شاہ آفریدی
پاکستانی ٹیم کو گزشتہ میچ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سپر فور کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ مقابلے کے لیے پاکستان کو سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرنا ہوگی، دوسری صورت میں قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
(بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ

