گوادر : بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں حق دو تحریک کے زیر اہتمام خواتین کی ریلی نکالی گئی۔ حقوق انسانی کے عالمی دن کی مناسبت سے اس ریلی میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا کے ہاتھ میں ایک بڑا بینر تھا جس پر یہ نعرہ درج تھا کہ ’ہمارے وسائل پر ہمارا حق تسلیم کیا جائے‘۔
ریلی کے شرکا نے شہر کے مختلف شاہراہوں کا گشت کیا اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ریلی کے شرکا سے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان، حسین واڈیلہ اورخواتین رہنماﺅں نے خطاب کیا۔
ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ سنہ 1973 کے آئین کے مطابق حقوق انسانی کا احترام کیا جائے اور تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے۔ریلی کے شرکا نے بلوچستان کے سمندری حدود میں غیرقانونی ماہی گیری کے خاتمے ایران سے متصل سرحدی علاقوں کے لوگوں کو سرحدی تجارت میں زیادہ سے زیادہ رعایتیں دینے کا بھی مطالبہ دہرایا۔
ریلی میں شریک گوادر سے لاپتہ شخص عظیم دوست محمد کی بہن نے کہا کہ ان کے بھائی کو 2015 میں لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹھ برس سے وہ بھائی کے لیے دربدر پھر رہے ہیں اور اگر ان کے بھائی نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
حق دو تحریک وومن ونگ کی صدر زرگل بلوچ نے کہا کہ جو حقوق ہمیں آئین نے دیے ہیں وہ کیوں نہیں دیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بھائیوں کو لاپتہ کیا جاتا ہے اوران کو منظر عام پر نہیں لایا جاتا ہے۔ زرگل بلوچ نے استفسار کیا کہ ’ہمارے بھائیوں کو کیوں عدالتوں میں کیوں پیش نہیں کیا جاتا ہے۔ کیا یہ آئین بلوچوں کے لیے نہیں ہے‘؟نفیسہ بلوچ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں حقوق انسانی دن کا دن منایا جارہا ہے لیکن اس دن بھی ہم اپنے حقوق انسانی کے لیے سڑکوں پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ آج خواتین بڑی تعداد میں اپنے حقوق کے لیے نکلی ہوئی ہیں۔ماہ نور افضل نے کہا کہ آج خواتین بھی بلوچستان کے لوگوں کے حقوق کے لیے اپنے بھائیوں کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات سے ہمارے بھائی متائثر ہورہے ہیں۔ہم چاہتی ہیں کہ منشیات کا خاتمہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حقوق انسانی کے عالمی دن کی مناسبت سے کوئٹہ میں بھی لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )

