پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں بم دھماکے میں کم ازکم دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
یہ دھماکہ اتوار کی شب شہر کے معروف تجارتی مرکز عمر فاروق چوک کے علاقے میں ہوا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھاآ‘
ڈپٹی کمشنر خضدار عارف زرکون نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ اس دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پانچ زخمی ہیں۔
سٹی پولیس سٹیشن خضدار کے ایس ایچ او عزیز خدرانی نے بتایا کہ اس علاقے میں خواتین اور بچے بڑی تعداد میں رات کو عید کی خریداری کے لیے آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رش کے باعث اس علاقے میں پولیس کی ایک گاڑی سکیورٹی کے لیے موجود رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث سکیورٹی کے لیے موجود پولیس اہلکاروں میں سے بھی دو زخمی ہوئے۔ انھوں نے بتایا کہ زخمی افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر تین موٹر سائیکل بھی تباہ ہوئے ہیں جبکہ قرب و جوار کی دکانوں اور عمارتوں کے شیشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ’معصوم اور بے گناہ لوگوں نشانہ بنانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے
(بشکریہ: بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ