ملتان : چلڈرن کمپلیکس ملتان میں نرس سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی حرکات کا معاملہ ، مقدمہ میں نامزد ڈاکٹر کی بجائے ینگ ڈاکٹر چلڈرن کمپلیکس کے رہنما کو حراست میں لینے کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے احتجاج کیا ، بعد ازاں سی پی او ملتان سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر مشہود کو رہا کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق چلڈرن کمپلیکس کی نرس کی جانب سے ڈاکٹر عالم شاہ کے خلاف غیر اخلاقی حرکات کا مقدمہ تھانہ چہلیک میں درج کروایا گیا جس پر پولیس تھانہ چہلیک نے کارر وائی کرتے ہوئے چلڈرن کمپلیکس انتظامیہ کو اعتماد میں لیے بغیر اچانک چھاپہ مارا اور مقدمہ میں نامزد ڈاکٹر عالم شاہ کی بجائے وائی ڈی اے کے رہنما ڈاکٹر مشہود کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔
اس واقعے کے بعد پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج دیگر کابینہ ممبران کے ہمراہ فوری چلڈرن کمپلیکس پہنچے جہاں انتظامیہ اور ینگ ڈاکٹرز سے میٹنگ کے بعد کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر سے ملاقات کر کے انہیں حقائق سے آگاہ کیا ۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے پولیس تھانہ چہلیک کو فوری طور پر حراست میں لئے گئے ڈاکٹر مشہود کو رہا کرنے اور مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا کہنا تھا کہ پولیس تھانہ چہلیک نے چلڈرن کمپلیکس سے حراست میں لئے گئے ڈاکٹر کو رہا کر دیا ہے ایف آئی آر جس ڈاکٹر کے خلاف ہے میرٹ کے مطابق بے شک تفتیش کی جائے،ایف آئی آر میں جس ڈاکٹر کا ذکر ہی نہیں ہے اس کی سرکاری ہسپتال کے اندر سے بغیر انتظامی افسران کو آگاہ کئے گرفتاری قابل مذمت ہے۔
فیس بک کمینٹ