کیلاش : پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کے دن پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں کیلاش کے علاقے میں ’جدید اسلحے سے لیس شدت پسندوں کی بڑی تعداد کا حملہ پسپا کرتے ہوئے‘ چار فوجی جوان ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 12 شدت پسند بھی مارے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شدت پسندوں نے افغانستان کی سرحد سے منسلک علاقے میں فوج کی دو چوکیوں پر حملہ کیا۔بیان کے مطابق ’افغانستان کے صوبہ نورستان اور کنر میں شدت پسندوں کی نقل و حرکت کے بارے میں علم ہونے کے بعد یہ اطلاع بروقت افغان حکومت کو فراہم کی گئی تھی اور اسی وجہ سے فوجی چوکیوں بھی الرٹ تھیں۔‘
بیان کے مطابق ’پاکستان فوج کے سپاہیوں نے حملہ پسپا کرتے ہوئے شدت پسندوں کو بھاری نقصان پہنچایا اور 12 شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے کے دوران چار فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
بتایا گیا ہے کہ علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کا تعین کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’افغان حکومت سے اس بات کی امید ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی اور شدت پسندوں کو پاکستان کے خلاف افغان زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔‘

