اسلام آباد میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی پراسرار طور پر اپنے گھر میں بےہوش پائی گئیں۔پولیس کے مطابق سینتھیارچی اپنےفلیٹ میں بےہوش پائی گئیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنےآئیں گے۔
دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دو بھارتی شہریوں نے انھیں نشہ آور چیز دی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سنتھیا نے بتایا دو بھارتی شہری ان کے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام نہ کروں، اس کے بعد بھارتی شہریوں نے انھیں کوئی نشہ آور چیز دی۔
ادھر پولی کلینک کے ذرائع نے بتایا کہ سنتھیا رچی کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، انھیں آج دوپہر بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سنتھیا کی حالت تسلی بخش ہے تاہم غنودگی طاری ہے۔ذرائع پولی کلینک کے مطابق ڈاکٹرز کی تجویز پر سنتھیا رچی کے ابتدائی ٹیسٹ کر لیےگئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر گھر بھجوانے کا فیصلہ ہوگا، ڈاکٹرز نے سنتھیا کی ٹاکسیکالوجی کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس میں زہر کی تصدیق کی جائے گی، اس مقصد کے لیے ڈاکٹرز نے سیمپلز بھی حاصل کیے، جو فرانزک ایجنسی لاہور بھجوائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں پر دست درازی سمیت سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
فیس بک کمینٹ