لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد اور سابق گورنر پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں محمد اظہر انتقال کرگئے۔ فیملی ذرائع کے مطابق میاں محمد اظہر طویل عرصے سے بیمار اور زیر علاج تھے اور لاہور میں اُن کا انتقال ہوا ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق میاں اظہر کافی عرصے سے علیل تھے، میاں اظہر مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔
ا رائیں برادری سے تعلق رکھنے والے میاں اظہر لارڈ میئر لاہور اور گورنر پنجاب بھی رہے، اسلام پورہ لاہور میں میاں اظہر کی رہائش گاہ ہمیشہ سیاسی ڈیرے کی حیثیت سے رہی۔ 2002 میں شریف خاندان کی جلاوطنی کے بعد شریف خاندان سے ان کا سیاسی تعلق ختم ہو گیا، بعدازاں میاں اظہر 2002ء میں مسلم لیگ (ق) کے صدر مقرر ہوئے۔ 2002ء کے عام انتخابات میں شکست کے بعد میاں اظہر عملی سیاست سے علیحدہ ہو گئے تھے، 2013ء میں حماد اظہر کی سیاست میں انٹری کے بعد میاں اظہر دوبارہ متحرک ہوئے تھے۔2024ء میں حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر میاں اظہر نے عام انتخابات میں حصہ لیا اور این اے 129 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سابق گورنر میاں اظہر کے انتقال پر افسوس، سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
( بشکریہ :ڈان نیوز )

