لاہور : صوبہ پنجاب میں آشوب چشم وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں آشوب چشم کے مریضوں کی کل تعداد 86 ہزار 133 ہو چکی ہے۔صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں آشوب چشم کے 13 ہزار 732 مزید کیسز سامنے آئے جن میں سے 3 ہزار 878کا تعلق صرف ضلع بہاولپور سے ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں آشوب چشم کے ایک ہزار 721 اور لاہورمیں 887 کیسز رپورٹ ہوئے۔
رواں سال کے دوران بہاولپور میں اب تک آشوب چشم کے 16 ہزار 744، فیصل آباد میں 10 ہزار 22 اور لاہور میں 7 ہزار 578 کیسزسامنے آچکےہیں۔گزشتہ 3 ماہ کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاط کریں، متاثرہ شخص عینک لگائے جبکہ متاثرہ شخص کا تولیہ اور دیگر اشیا دوسرا شخص استعمال نہ کرے اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں آنکھوں کے انفیکشن ’پنک آئی‘ یعنی آشوب چشم کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو جمعرات (کل) سے اتوار تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آشوب چشم انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔صوبہ پنجاب کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ پنجاب میں آشوب چشم کی وبا سے بچوں کا محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں جمعرات کو عام تعطیل ہو گی۔ جس کے بعد عید میلاد النبی اور بعد ازاں ہفتہ اوراتوار کی چھٹیوں کے باعث بچوں کو وبا سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔
سیکریٹری سکولز کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق پنجاب کے سکولوں پر ہو گا اور چار چھٹیوں کے بعد پیر کو تمام سرکاری اور نجی سکولز دوبارہ کھل جائیں گے۔
( بشکریہ : جیو نیوز )
فیس بک کمینٹ