فیصل آباد : فیصل آباد میں ایک کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے حکام کے مطابق کم از کم 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ جمعے کی صبح فیصل آباد کے علاقے منصور آباد کی ایک فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے ہوا جس سے کئی عمارتوں اور قریبی گھروں کی چھتیں بھی گِر گئیں۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ملبے سے نو افراد کی ہلاشیں نکالی گئیں جبکہ ایک زخمی شخص نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ اس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے 10 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کیا اور فی الحال ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔
صوبہ پنجاب کے پولیس سربراہ ڈاکٹر عثمان انور نے فیصل آباد پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔
پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس فیکٹری میں کیمیکل بنایا جاتا تھا اور اب پولیس کی طرف سے حادثے کی ممکنہ وجوہات پر تحقیقات شروع کی گئی ہے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجہ میں فیکٹری سے ملحقہ ایک مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچوں سمیت مجموعی طور پر لگ بھگ 20 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
فیس بک کمینٹ

