لودھراں : سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ یہ ملک اس لیے آزاد ہوا تھا کیونکہ قائداعظم اور علامہ اقبال نے کہا کہ انگریز کی غلامی کے بعد ہم ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے، اگر آج ہم نے امریکا کے بوٹ پالش کرنے ہیں تو اس سے بہتر ہے کہ پاکستان نہ بنتا۔عمران خان کا لودھراں کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی ملک کا وہ شہر ہے جو فنانشل کیپٹل ہے، یعنی کراچی اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے لیکن کراچی میں ملک کی تاریخ کا بڑا ڈاکو گزشتہ 14 سال سے بیٹھا ہوا ہے، کراچی کھنڈر بن گیا، زرداری اور ان کے ٹولے نے کبھی نہیں سوچا کہ بارش کی تیاری کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو برا بھلا کہا گیا، لاہور میں بھی بارش ہوئی ہے، عثمان بزدار نے اربوں روپے لگا کر زیر زمین پانی کے ٹینکس بنائے، جب پانی نہیں ہوگا تو اس پانی کو پودوں کے لیے استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جو پورے ملک کو اٹھاتا ہے اس کے حالات دیکھ لیں، جب تک یہ ڈاکو وہاں بیٹھا ہوا ہے، سندھ آگے نہیں بڑھے گا، سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کرکے پیسہ ملک سے باہر لے جاتے ہیں، زرداری، اس کے خاندان اور مراد علی شاہ کے سارے کیس تیار تھے لیکن ملک میں کونسی طاقت تھی جو اس کو سزا دینے سے روکتی تھی، جو بھی طاقت تھی، پھر کبھی بتاؤں گا، میں یقین دلاتا ہوں کہ پوری کوشش کی ان چوروں کا احتساب کرکے سزا دی جائے، جن کے پاس طاقت تھی، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ چوری کو اتنا برا نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا احسن اقبال کہتا ہے کہ ملک کرپشن کے باوجود ترقی کر جاتا ہے، اللہ کا حکم امر بالمعروف ہے، حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہو اور برائی کے خلاف ہو، یہ چور ہمیں کہہ رہے ہیں کہ چوری بری چیز نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حمزہ ککڑی پنجاب کا غیرقانونی، جعلی وزیراعلیٰ کہہ رہا ہے کہ بچوں چوری کوئی بری چیز نہیں ہے، اور ان کا ارسطو کہتا ہے کہ ملک کرپشن کے باوجود ترقی کرجاتا ہے، جاوید لطیف کہتا ہے کہ اسمبلی کے ذریعے نواز شریف کے سارے کرپشن کے کیسز ہی ختم کردو۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں نیوٹرلز بننے کی اجازت نہیں دی، یا تو اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو یا برائی کے ساتھ، یہ فیصلہ کن وقت ہے، 17 تاریخ کو انتخاب نہیں جہاد ہے، یہ اس ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے، یہ جو چور ہمارے اوپر مسلط کیے گئے، امریکا نے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر سازش کی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی ہے اس کو ہٹا دیا جائے، مہنگائی کے اوپر انہوں نے مہم چلائی، جیسے ہی یہ چور اقتدار میں آئے، مہنگائی کو بھول گئے، آتے کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے، گیارہ سو ارب روپے کی چوری جو انہوں نے دس سال میں مل کر کی تھی، آتے کے ساتھ ہی معاف کروائی، اس سے بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال مک ڈونلڈ کھانے گیا تھا، کہتا ہے کہ عمران خان نے لوگوں کو بدتمیزی سکھا دی ہے، جھوٹے ارسطو یہ بدتمیزی نہیں حقیقت ہے، تم چور ہو، شریف خاندان نے زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو مقروض کرایا، شرم نہیں آتی کہ آپ ان چوروں کے جوتے پالش کرتے ہو۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پوری دنیا میں جو بھی آپ کو ملے گا وہ دو لفظ کہے گا، چور اور غدار، امریکا کے ساتھ مل کر آپ نے حکومت گرائی کہ مہنگائی ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ چنے کی دال کی قیمت 21 فیصد، ماش کی 13 فیصد، پیاز کی قیمت 100 فیصد، آلو کی قیمت میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے اور حمزہ ککڑی نے ککڑیوں کی قیمت 100 فیصد بڑھائی ہے، ابھی قربانی کی وجہ سے قیمت کچھ نیچے آئی ہے، گھی کی قیمت 22 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 130 روپے اضافہ کر دیا ہے، ڈیزل ٹریکٹر، ٹیوب ویل میں استعمال ہوتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کپاس کی قیمت 14 ہزار روپے تھی جو کم ہو کر 6 ہزار ہو گئی، شوگر مافیا کسانوں کو ایک ایک سال میں پیسے دیتا تھا وہ بھی کٹوتی کرکے، ہم نے قانون بنایا کہ فوری طور پر کسان کو ادائیگی کرنا ہوگی، کسانوں کو پورا پیسا دلوایا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف برطانیہ کے سفارتکار کو گورا رنگ دیکھ کر کیک کھلا رہا ہے، شرم کرو شہباز شریف، اب دوبارہ کسانوں کو گنے کی پوری قیمت نہیں مل رہی اور 6، 6 مہینے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ

