انٹرنیشنل کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے ایک عجب ریکارڈ کی سالگرہ کا دن گزرا تو اسکے ساتھ بہت سی ایسی یادیں تازہ ہوئیں جو نئی نسل کے علم میں کم ہی ہونگی چنانچہ نیوزی لینڈ جیسے قد کاٹھ رکھنے والے ٹیسٹ ملک کی اس ناخوشگوار یاد کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر کچھ شاندار اور اپنی جگہ ناقابل شکست اعزازات کا ذکر بھی ضرور ہوگا تاکہ دنیا ماضی قریب و حال کے لیجنڈری کرکٹر ز جیسے سچن ٹنڈولکر، وسیم اکرم ،وقار یونس ،الیسٹر کک، ویرات کوہلی اور سٹیون سمته کو عظیم جانتے ہوئے یاد رکھے کہ
"کچھ اور بھی باقی تھا یا ہے عبور کرنے کو”.
سب سے قبل ذکر ہو نیو زی لینڈ کے اس ریکارڈ کا جو 65 سال سے آج بھی اسکے ماتھے کا جھومر تو نہیں لیکن ماتھے کا "ٹیکہ” ضرور ہے.
1955کی 28 مارچ کا ذکر ہے جب کیوی ٹیم انگلینڈ کیخلاف اپنے گھر آک لینڈ کے میدان میں صرف 26 رنز پر آؤٹ ہوگئ. ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا یہ اب بھی کم ترین اننگ ٹوٹل ہے. گزشتہ سال ورلڈ کپ کی رنراپ ٹیم اور ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری رینک کی اعلی ترین ٹیم کا یہ منفی ریکارڈ افغانستان و آئر لینڈ جیسی کمزور ٹیموں کے ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے کے باوجود نہیں ٹوٹا. گزشتہ سال لارڈز میں آئرش ٹیم انگلینڈ کیخلاف مشکل میں ضرور آئ تھی لیکن وہ بھی 38 رنز سمیٹ کر نیوزی لینڈ کا ریکارڈ برقرار رکھ گئ.
اسی بہانے یہاں چند ان ریکارڈز کا ذکر بھی ہوجائے جو نصف صدی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود قائم و دائم ہیں اور بڑے بڑے 30مارخان کیلئے آج بھی چیلنج ہیں.
ایک ٹیم اننگ میں کسی بھی بیٹسمین کا زیادہ سے زیادہ حصہ
1877میں کرکٹ تاریخ کے اولین ٹیسٹ میں انگلینڈ کیخلاف آسٹریلیا کے چارلس بینر مین کے ناقابل شکست 165 رنز ٹیم کے مجموعی اسکور 245 کا 67.34 فیصد ہے جو آج بھی ریکارڈ ہے. آسٹریلیا کے ہی مائیکل سلیٹر 1999میں 66.84کے ساتھ قریب آئے لیکن آگے نہ بڑھ سکے جب وہ ٹیم کے 184 میں 123 کا حصہ ڈال گئے.
ایک سیریز میں زیادہ اسکور
آسٹریلیا کے ڈان بریڈ مین 1930 کی ایشز میں 974 رنز بنا کر آج بھی اس چیپٹر میں مثال ہیں گزشتہ 50 سال کے عرصے میں انکے قریب انکے ہم وطن مارک ٹیلر 1989 میں 839 رنز کے ساتھ آئے مگر کوئی بھی 900کے ہندسہ کو نہ چهوسکا.
ایک اننگ،ایک میچ کی تاریخی باؤلنگ
انگلینڈ کے جم لیکر کی اولڈ ٹریفورڈ میں آسٹریلیا کیخلاف 53 رنز کے عوض 10 وکٹیں ایک اننگ اور 90رنز دیکر 19 وکٹیں میچ کی بہترین باؤلنگ اب بھی ریکارڈ ہے. بھارت کے انیل کامبلے پاکستان کیخلاف 74رنز دیکر 10 وکٹ ایک اننگ میں لے تو گئے لیکن میچ کی 19 وکٹیں تو کوئی بھی نہ لے سکا.
طویل اننگ
970 منٹ کی حنیف محمد کی ویسٹ انڈیز کیخلاف اننگ کی بیٹنگ وقت کے اعتبار سے آج بھی ریکارڈ ہے جو 1958 میں قائم ہوا.
ایک سیریز کی زیادہ وکٹیں
سڈنی بارنس نے 1913 کی سیریز میں جنوبی افریقا کیخلاف 4 میچ کی سیریز میں 49 وکٹیں لیں.شین وارن ایک مرتبہ 40 وکٹ کے ساتھ قریب آئے.
ایک ٹیسٹ میں 2 ہیٹ ٹرکس
آسٹریلیا کے جمی میتھیوز نے اولڈ ٹریفورڈ میں جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ میچ میں 2 ہیٹ ٹرک کیں.1912 میں انہوں نے یہ کارنامہ ایک میچ کی 2 اننگز میں سر انجام دیا اور دلچسپ بات یہ بھی رہی کہ واقعہ ایک ہی دن رقم ہوا. کوئی باؤلر اب تک ایک میچ میں 2 ہیٹ ٹرک نہیں کرسکا.
فیس بک کمینٹ

