ملتان ۔۔ نمائندہ گردوپیش ۔ جلالپور پیر والہ میں ایک اور المناک حادثے میں 2 بچیوں سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے،دو روز میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی، مرنے والوں میں چھے بچے بھی شامل ہیں ۔درجنوں افراد لاپتہ ہیں ملتان،ہیڈ محمد والہ،جلالپور پیر والہ اور شجاع آباد کے ہزاروں سیلاب متاثرین مسیحاؤں کی راہیں تکنے لگے۔ جلالپور پیر والہ کے نواحی علاقے بستی جعفریں میں گزشتہ روز ایک اور المناک حادثہ رونما ہوا جس میں سیلابی پانی میں محصور محمد اطہر کی 12 سالہ بیٹی پاؤں سلپ ہونے کے باعث نیچے گر گئی اور سر پر چوٹیں لگنے کے باعث دم توڑ گئی۔محمد اطہر کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ وہ دو دن سے سیلابی پانی کی وجہ سے گھروں میں بغیر کچھ کھائے پیئے محصور ہوکر رہ گئے ہیں انہوں نے کئی بار ضلعی انتظامیہ،پولیس 15 اور ریسکیو کو ہیلپ لائن پر فون بھی کئے لیکن انکی مدد کے لئے کوئی نہ آیا۔
محمد اطہر کے مطابق اب بھی اردگرد کی تین سو سے ساڑ ھے تین سو کے قریب بستیاں سیلاب کی زد میں آچکی ہیں اور انکا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے جس سے بستیوں میں موجود ہزاروں افراد اور مال مویشی سیلاب کے پانی میں بھوکے،پیاسے گھرے ہوئے اور بے یارو مدد گار ہیں۔علاوہ ازیں جلالپور پیر والہ کے علاقہ بستی وچھہ سندیلہ میں بھی ایک شخص گہرے سیلابی پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے جاں بحق کو گیا جسکی لاش کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال کر نماز جنازہ کے بعد دفنادیا۔علاوہ ازیں رات گئے جلالپور پیر والہ کے نواحی چک 86 ایم والا بند پر بھی چار بچوں اور اوباڑہ جنوبی میں بھی دو بچوں سمیت چار افراد سیلابی پانی میں ڈوبنے کی اطلاعات موصول ہوئیں جنہیں مقامی افراد نے ریسکیو کرنیکی کوشش کی لیکن پانی کا بہاؤ زیادہ ہونیکی وجہ سے وہ کامیاب نہ ہوسکے۔علاوہ ازیں اوباڑہ جنوبی میں بھی سیلاب میں ڈوبنے سے 12 سالہ فاطمہ بی بی جاں بحق ہوگئی جس کی لاش اور 30 سالہ قاری عبداللہ کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 15 سالہ عبداللہ اور 25 سالہ لقمان سمیت دیگر سیلاب میں بہہ جانے والوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ ابتک سیلابی پانی سے جانبحق ہونیوالا کی تعداد 8 ہو چکی ہے چند روز قبل بھی کشتی حادثہ ہوا تھا جس میں چار بچے اور خاتون جاں بحق ہوگئے تھے ۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ کا کہنا ہے کہ جتنے وسائل ہیں ان سے پوری کوشش کے ساتھ عوام کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جلال پور پیر والا میں گزشتہ سے پیوستہ رات سے ریسکیو آپریشن جاری ہے،خان بیلہ کی ملحقہ آبادیوں کرم والی اور دراب پور سے 143 لوگوں کو مڈ نائیٹ آپریشن سے ریسکیو کیا گیا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف ملتان سے 2343 افراد کو سیلابی علاقے سے ریسکیو کیا جا چکا ہے،اب تک 10810 لوگوں کو ملتان کے سیلابی علاقوں سے ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
فیس بک کمینٹ

