راولپنڈی:آئی پی پیز معاہدوں، مہنگی بجلی اور تنخواہ دار طبقے پراضافی ٹیکسوں کےخلاف راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا دسویں روز بھی جاری ہے۔ مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار ہے اور جماعت اسلامی کی جانب سے حکومت پر بات چیت سے فرارکا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، جس میں آج امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بھی شرکت کی۔
شرکا سے اپنے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جاگیرداروں سے انکم ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا؟ انہوں نے کہا کہ آج اعلان کریں اور کل سے ٹیکس وصول کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ بجلی کے بل کم کردیجیے، اسی میں آپ کی نجات ہے، ورنہ دھرنا تحریک کہیں آپ کو ہی نہ لے کر ڈوب جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کے غصے سے بچنا ہے تو آپ کو ہمارا مطالبہ ماننا پڑے گا، تنخواہ دار طبقے نے 368 ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزرا میٹنگ میں کہتے ہیں جماعت کی تجاویز قابل عمل ہیں، میڈیا میں کہتے ہیں کہ تجاویز قابل عمل نہیں۔حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ڈھائی کروڑ ایکڑ زمین پر انکم ٹیکس کیوں نہیں لگاتے ہیں، سارا بوجھ تنخواہ دار طبقہ اٹھائے یہ نہیں چلے گا۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ