عورت ذات کو اگر سمندر سے تشبیہہ دی جائے توہرگز غلط نہ ہو گا ۔عورت کے معنی ہیں چھپی ہوئی اور اس نقطہ سے عورت ذات کی تعریف کچھ اس طرح سے ہوگی ۔جیسا کہ سہہ جانے والی ،برداشت کرنے والی ،نظرانداز کر دینے والی ،انا کو پس پشت رکھنے والی،محبت کی ترسی ہوئی ،عزت کی طلب گار ۔عورت کی زندگی سمندر کی مانند ہے۔ جیسے سمندر دریا کے منہ زور پانی کواپنے اندر سمو لیتا ہے بالکل اسی طرح عورت بھی مرد کا ظلم و زیادتی نا چاہ کر بھی اپنے اندر سمو لیتی ہے اور اف تک بھی نہیں کرتی۔عورت کو کم عقل کہنے والا یہ مر د جب زندگی کی کٹھن حقیقتوں سے روشناس ہونے لگتا ہے تو عورت کی آغوش میں پناہ لیتاہے۔اور آغوش چاہے پھرماں کی ہو یا بیوی کی ۔چٹان سے بھی زیادہ سخت دل رکھنے والا یہ مرد جب عورت کی آغوش میں آتا ہے تو شمع کی مانند پگھلنے لگتا ہے۔عورت مرد کی آنکھوں کے سیال کو یوں سموتی ہے جیسے سمندر بارش کے قطروں کو اپنے اندرسموتاہے۔ مرد جب عورت کو کانوں کی کچی اور پیٹ کی ہلکی کہتا ہے تو یہ بات بھول جاتا ہے کہ اگرکبھی اس نے اس کے سیاہ کرتوت دوسروں کے سامنے عیاں کردئیے تو وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہ رہے گا۔ مردانگی کے زعم میں جب وہ بھری محفل میں عورت کے گال پر نشان چھوڑتا ہے تو یہ بھول جاتا ہے کہ وہ عورت کا محتاج تھا ،ہے اور رہے گا۔عورت ذات کے خمیر میں بڑی لچک ہے۔اسی لچک کے سبب وہ مرد کے بنائے گئے سانچے میں ڈھل جاتی ہے۔عورت سراپا محبت ہے ۔محبت کی خاطر وہ مرد پراپنا تن من وار دیتی ہے۔ تن من وارنے کے بدلے وہ صرف اور صرف عزت چاہتی ہے اور عزت کی ہی متلاشی ہے ۔ مرد جب کسی عورت کوعزت اور محبت دیتا ہے تو عورت اسے اپنے دل کی سب سے اوپرکی مسند پر براجمان کرتی ہے۔ سیانے کہتے ہیں کہ عورت کی عزت چادر اور چاردیواری میں ہے۔ عورت کا دم کبھی اس چادر اور چاردیواری میں نہیں گھبرائے گا، اگر اس چادر اورچاردیواری کی بنیاد محبت اور عزت پر رکھی گئی ہو۔عورت کبھی بھی اس چادر اور چاردیواری کی حرمت پامال نہیں کرے گی۔ اور نہ ہی اس چاردیواری کو پھلانگنے کی کوشش کرے گی۔ اگر اسے محبت اور عزت سے نواز دیا جائے جو اس کا جائز حق ہے۔مرد جب گھر سے باہر سکون کی تلاش میں سرگرداں ہو تو اکثر کہا جاتا ہے کہ اس مرد کی عورت اپنے فرائض سے غفلت برت رہی ہے تبھی وہ گھر سے باہر سکون کامتلاشی ہے۔لیکن جب وہی عورت اسی سکون کی تلاش میں چاردیواری پھلانگ لے تو وہ طوائف کے نام سے جانی جاتی ہے۔ مرد کا بھٹکنا اس کی جوانی کی خوبصورت نادانی سمجھی جاتی ہے ۔ جبکہ عورت کا بھٹکنا اس کے دامن کا وہ داغ بن جاتا ہے جسے وہ چاہ کر بھی نہیں دھو سکتی ۔تاعمر وہ اس داغ کودھوتی بھی رہے تب بھی وہ داغ اس کے دامن سے صاف ہو نہیں پاتا۔ جبکہ مرد صرف ایک غسل سے ہی اپنے اس داغ کو صاف کر لیتا ہے۔عورت عزت کی طلب گارہے اور عزت بھی وہاں ملتی ہے جہاں محبت ہو۔عزت کے بغیر عورت کی زندگی اس درخت کی مانند ہو جاتی ہے جو پھل تو نہیں دیتا لیکن ہمیشہ سایہ فگن رہتا ہے۔عورت عزت کے بغیر فقط ایک سانس لیتی مشین ہے جو اپنے روزمرہ کے معمولات حسب معمول انجام تو دیتی ہے مگر جذبات و احساسات سے عاری ۔احساس و جذبات سے عاری عورت ایک زندہ لاش ہے ۔ایک ایسی زندہ لاش جو اپنی آرزوؤ ں تمناؤں کی قبر پر ماتم کناں ہے۔ عورت کے دل پر اگر محبت کی پھوار پڑنا بند ہو جائے تو اس کے دل کی زمین بنجر ہوجاتی ہے اور پھر بنجر زمین پر کبھی ہریالی نہیں اگتی۔
فیس بک کمینٹ