ملتان : نام ور کالم نگار ، افسانہ نگار ، سفر نامہ نگار اور شاعر شاہد راحیل خان کی نئی کتاب ” میں اور میرا ملتان “ شائع ہو گئی ہے ۔ شاہد راحیل کے فن کے کئی حوالے ہیں ۔ وہ کالم نگار ،فیچرنگار ، سفر نامہ نگار ، افسانہ نگار اور شاعر کے طور پر تو جانے ہی جاتے ہیں لیکن کم لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ جوانی میں تھیٹر سے بھی وابستہ رہے ۔
انہوں نے سٹیج کے لیے ڈرامے لکھے ، ہدایت کاری بھی کی اور اگر ضرورت پیش آئی تو اداکاری کے جوہر دکھانے سے بھی گریز نہیں کیا ۔ شاہد راحیل نے عمر بھر بینک میں ملازمت کی اور اب وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں ملازمت کے سلسلے میں انہیں مختلف شہروں میں ہجرت بھی کرنا پڑی لیکن ملتان ان سے کبھی جدا نہ ہو سکا ۔۔ملتان کے بارے میں یوں تو بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں لیکن شاہد صاحب کی اس کتاب میں ہمیں 1954 کے بعد کے ملتان کی کہانیاں بہت تفصیل کے ساتھ پڑھنے کو ملتی ہیں ۔ یہ کتاب ملتان کی تاریخ ہی نہیں یہاں کی سیاسی ، سماجی اور معاشرتی زندگی کے حوالے سے بھی ایک دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے ۔
شاہد راحیل خان کی اس سے پہلے دو کتابیں شائع ہو چکی ہیں جن میں ”قدم قدم سوئے حرم“ ( سفر نامہ حج) اور”تیری میری کہانی“ (کچھ آپ بیتی کچھ جگ بیتی) شامل ہیں ، جب کہ ایک شعری مجموعہ اور ایک کتاب ” سیاست، ریاست اور عدالت“ اشاعت کے مراحل میں ہیں۔۔۔”میں اور میرا ملتان“ ان کی تیسری کتاب ہے جس میں انہوں نے اپنے عہد کے ملتان کو محفوظ کر دیا ہے ۔۔ گردو پیش پبلی کیشنز کے زیر اہتمام شائع ہونے والی اس کتاب کی قیمت 700 روپے ہے ۔
فیس بک کمینٹ

