وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز سے چینی سکینڈل میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات سے متعلق پوچھ گچھ کی۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سلیمان شہباز رمضان شوگر ملز اور بے نامی اکاؤنٹس سے متعلق ایف آئی آر 39/2020 کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور اس کے سوالات کے جوابات دیے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی آئندہ سماعت 21 جنوری کو ہوگی۔چند ماہ قبل لاہور کی خصوصی عدالت نے اس کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بری کر دیا تھا۔
ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں شہباز شریف اور ان کے 2 صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے سیکشن 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔عدالت نے کارروائی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کی وجہ سے سلیمان شہباز اور ایک شریک ملزم کو اشتہاری مجرم قرار دیا تھا، تاہم انہوں نے گزشتہ ماہ ضمانت حاصل کی جس کے بعد وہ چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد لندن سے واپسی کے قابل ہوگئے۔
ایف آئی اے کے مطابق شواہد سے پتا چلتا ہے کہ سلیمان شہباز نے اپنے بھائی حمزہ شہباز کی مدد کی اور اس طرح وہ بھی اسی جرم کے مرتکب ہوئے۔
بشکریہ ڈان نیوز

