ملتان : ملتان میں دو سال قبل اغوا ہونے والے شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے لباس پر ‘داعش الباکستانی’ کے الفاظ درج تھے۔ ڈان نیوز کے مطابق لاش ملتان میں پرانے شجاع آباد روڈ پر کاٹن ریسرچ سینٹر کے قریب ملی، جسم پر گولیوں کے نشان موجود تھے۔ 33 سالہ عمر مجیب جیلانی سابق ڈی جی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی زاہد جیلانی کا بیٹا اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا عزیز تھا، اسے گارڈن ٹاؤن میں اس کے گھر سے دفتر جاتے ہوئے 16 جون 2014 کو 7 مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ مقتول کے جسم پر امریکی فوجی جیل گوانتاناما بے میں قیدیوں کو پہنائے جانے والے لباس سے مماثل اورنج رنگ کا لباس موجود تھا۔ مقتول کی نماز جنازہ ضلع مظفر گڑھ کی جوتائی تحصیل میں کوٹلہ رحیم علی شاہ میں ادا کردی گئی۔
فیس بک کمینٹ