کراچی:کراچی میں واقع چین کے قونصل خانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز نے مقابلے کے بعد حملہ آور تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، واقعے میں 2 پولیس اہلکار اور 2دیگر افراد شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔واقعے میں شہید ہونے والے دیگر دو افراد میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں جو کوئٹہ سے چینی قونصل خانے میں ویزے کے حصول کے لیے آئے تھے۔کراچی کے علاقے کلفٹن کے بلاک 4 میں واقع چین کے قونصل خانے پر آج صبح ساڑھے 9 بجے 3 دہشت گردوں نے حملہ کیا، دہشت گردوں نے قونصل خانے پر فائرنگ کی اور اس دوران انہوں نے بم کا دھماکا بھی کیا۔کراچی پولیس چیف امیر شیخ اور ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت اور ایک سیکیورٹی گارڈ کے زخمی نے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس کی اسپیشل فورس اور رینجرز نے چینی قونصل خانے میں داخل ہو کر حملہ آوروں کو گھیرے میں لیا اور ان کے خلاف کارروائی کی۔رینجرز حکام کے مطابق رینجرز کے اسنائپرز نے 2 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی کے دوران 3دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے ایک نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی، جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے مزید خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ دہشت گرد چینی قونصل خانے کے کمپاؤنڈ میں داخل نہیں ہوسکے ہیں جبکہ چینی قونصل جنرل اور قونصل خانے کا عملہ واقعے میں محفوظ رہا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صبح ساڑھے 9 بجے 3 مسلح دہشت گرد ایک گاڑی میں وہاں آئے جنہوں نے اپنی گاڑی چینی قونصل خانے سے کافی دور کھڑی کی اور قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، جہاں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا جس پر مسلح افراد نے فائرنگ کی اور بم کا دھماکا کیا۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کے ہاتھوں میں گنیں اور ہینڈ گرنیڈ تھے۔جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ سیمی جمالی نے دو پولیس اہلکاروں کی لاشیں اور ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں اسپتال لانے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔واقعے کے ہوتے ہی شہر بھر سے ریڈ زون میں واقع چینی قونصل خانے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی، فائرنگ کافی شدید اور دو طرفہ ہو ئی، فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں کافی دور تک سنائی دی گئیں۔واقعے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ چینی قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کے قونصل خانے پر حملے کا فوری نوٹس لیا اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کو فون کرکے انہیں مزید پولیس فورس بھیجنے اور کارروائی کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس چیف کو چینی قونصلیٹ میں موجود عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور واقعے کی پل پل کی خبر دیتے رہنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل جنرل سے رابطہ کیا ہے اور ان کی خیریت دریافت کی ہے۔چینی قونصل خانہ کراچی میں کلفٹن کے بلاک 4 میں صبا ایونیو پر واقع ہے جس کے اطراف میں عبداللہ شاہ غازی ؒ کا مزار،روسی قونصل خانہ، کویت قونصل خانہ، باغ ابن قاسم اور ایک مشہور سپر اسٹور جبکہ قریب ہی بلاول ہاؤس بھی ہے۔
فیس بک کمینٹ
1 تبصرہ
Thank you for sharing your info. I truly appreciate your efforts and
I am waiting for your further write ups thank you once again.