ٹوکیو : عالمی درجہ بندی میں جاپان کا پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے جبکہ پاکستان کی درجہ بندی میں بھی 2 درجے بہتری آئی ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے ہر برس کی طرح 2019 کے لیے بھی فہرست جاری کی ہے جس میں پاسپورٹس کی طاقت کا معیار بغیر ویزا، ای ویزا یا ویزا آن ارائیول کو قرار دیا گیا ہے۔ فہرست کے مطابق دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی درجہ بندی میں پاکستان کے پاسپورٹ کی پوزیشن میں 2 درجے بہتری آئی ہے اور وہ 104 نمبر سے 102 نمبر پر آگیا ہے۔ تاہم پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کو صرف 33 ممالک میں ویزے کے بغیر یا وہاں پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے کی اجازت ہونے کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا پانچواں کمزور ترین پاسپورٹ ہے اور گزشتہ برس کی طرح اب بھی صرف صومالیہ، شام، افغانستان اور عراق کے پاسپورٹ سے بہتر ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی یہ درجہ بندی انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ڈیٹا پر مبنی ہے، یہ دنیا کی سفری معمولات کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس ہے جس میں ہینلے اور پارٹنرز ریسرچ ڈویلپمنٹ کی حالیہ جاری تحقیق کی وجہ سے اضافہ ہوا۔