ملتان ( گردوپیش نیوز ) امریکہ میں گوشت کا استعمال سالانہ فی کس 120کلوگرام ہے جبکہ پاکستان میں یہ مقدار فی کس 14کلوگرام ہے۔دنیا کے مختلف شعبوں کے اعدادوشمار کے حوالے سے کام کرنےوالے ادارے سپیکٹیٹرانڈیکس کی جانب سے گوشت کی کھپت کے حوالے سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سب سے بڑے گوشت خور ہیں امریکہ کے بعد گوشت کے استعمال میں آسٹریلیا کا نمبرآتا ہے جہاں فی کس 111کلوگرام ،سپین میں 97 کلوگرام،اسرائیل میں فی کس 96کلوگرام گوشت استعمال کیا جاتا ہے۔ چین ،سعودی عرب ،جاپان اورترکی میں گوشت کے استعمال کی سالانہ فی کس اوسط بالترتیب58،54،45اور25کلوگرام ہے۔نامورنیوٹریشن (ماہرعلم غذائیت)ڈاکٹرانورزاہدی نے اس بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوشت کا زیادہ استعمال کسی بھی طورپرانسانی صحت کے لیے مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اوردیگر ممالک میں اس کے زیادہ استعمال کی وجہ گوشت اور وسائل کی افراط ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ دنیا میں دل کے دورے سے بھی زیادہ اموات امریکہ اورناروے میں ہوتی ہیں اوراس کی وجہ گوشت کازیادہ استعمال ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی پروٹین کازیادہ استعمال جگر ،معدے اورگردوں کے امراض میں اضافے کاباعث بنتا ہے ،صرف مچھلی کا گوشت ایسا ہے جوصحت کے لئے نقصان دہ نہیں ہوتا۔اب دنیا بھرکے ماہرین اس بات پرمتفق ہیں کہ بہترین غذائیت پھلوں اورسبزیوں میں پائی جاتی ہے ۔اورانہی کااستعمال صحت کے لئے بہترہے۔
فیس بک کمینٹ