رحیم یار خان: لیاقت پور کے قریب گیس سیلنڈر پھٹنے سے تیز گام ایکسپریس کی بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 70 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
جیونیوز کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس گیس سلینڈر پھٹنے سے حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 70 افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہوئے۔ ڈی پی او رحیم یار خان جمیل احمد نے حادثے میں 25 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے 13 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور بہاول پور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔ سی ای او ریلوے اعجاز احمد کے مطابق مسافر ٹرین میں سلینڈر دھماکے سے تین بوگیوں کو آگ لگی جس میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی شامل ہے جب کہ حادثے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا اور ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔
ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3،4،5 میں لگی، تینوں متاثرہ بوگیوں کے زیادہ تر ٹکٹس ایک ہی مسافر کے نام پر بک کرائےگئےتھے جس وجہ سے انفرادی نام نکالنےمیں مشکل ہورہی ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق متاثرہ ٹرین سےجلی ہوئی بوگیاں الگ کرکے ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔