بنکاک : تھائی لینڈ میں ایک شخص نے فیس بک لائیو کے دوران خود کشی کرنے سے پہلے اپنی بیٹی کو قتل کرنے کی ویڈیو بنائی۔ 21 سالہ شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد ایک ویران ہوٹل میں اپنی نوزائیدہ بچی کو پھانسی پر لٹکا دیا اور پھر خود بھی پھانسی پر لٹک گیا۔ بیٹی کو ہلاک کرنے والے شخص کے رشتے داروں نے اس تکلیف دہ فوٹیج کو دیکھنے کے بعد پولیس کو الرٹ کیا تاہم وہ موقع پر دیر سے پہنچی۔ دوسری جانب فیس بک نے متاثرہ خاندان کے ساتھ اس ‘ہولناک’ واقعے پر تعزیت کا پیغام بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سائٹ سے اب یہ مواد ہٹا دیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ میں ہونے والے اس واقعے کی فوٹیج ویڈیو شیئرنگ کی ویب سایٹ یو ٹیوب پر دستیاب تھی تاہم بی بی سی کی جانب سے اس بارے میں چوکس کیے جانے کے بعد کمپنی نے اس ویڈیو کو ہٹا دیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شخص اپنی بیٹی کو گلے میں پھندا ڈالنے کے بعد چھت سے نیچے گرانے سے پہلے اس کی گردن کے گرد گرہ لگاتا ہے۔ بی بی سی تھائی کے ایڈیٹر نوپورن وانگ کا کہنا ہے کہ فیس بک کی لائیو پوسٹ کو تھائی میڈیا میں بڑے پیمانے پر نشر کیا گیا۔ دوسری جانب فیس بک کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے ‘یہ ایک ہولناک واقعہ ہے اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔’ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے مواد کی فیس بک پر کوئی جگہ نہیں ہے اور اسے ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ادھر یو ٹیوب کا کہنا ہے کہ بی بی سی کی نشاندہی کے تقریباً 15 منٹ بعد اس ویڈیو کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔
(بشکریہ:بی بی سی)
فیس بک کمینٹ