مختلف رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے انڈیا کے ہزاروں احتجاجی کسان دارالحکومت نئی دہلی میں اپنے ٹریکٹروں سمیت داخل ہو گئے ہیں۔ کسانوں کو دارالحکومت میں داخلے سے روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے ہیں۔
کسانوں نے حکومت کی جانب سے دارالحکومت کی داخلی اور اندرونی سڑکوں پر رکھے گئے کنٹینرز اور سیمنٹ کے بھاری بیریکیڈ ٹریکٹروں کے ذریعے ہٹا کر راستہ کھول دیا ہے۔
پولیس کسانوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے جگہ جگہ آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کر رہی ہے۔ کسانوں اور پولیس کے درمیان شہر میں کئی جگہ جھڑپیں ہوئی ہیں اور اس دوران ایک کسان کی ہلاکت کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل کسانوں کے ایک بڑا ہجوم لال قلعہ تک پہنچ گیا ہے اور سینکڑوں مظاہرین قلعہ کی فصیل کے اس مقام پر کھڑے ہیں جہاں روایتی طور پر یوم آزادی کے روز قومی پرچم لہرایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ انڈیا کے 72ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی میں کسان ٹریکٹر ریلی کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس ریلی کو ٹریکٹر پریڈ کا نام دیا گیا ہے۔
پنجاب ہریانہ، مغربی اتر پردیش، راجستھان اور کئی دیگر ریاستوں سے ہزاروں کسان اپنے ٹریکٹر لے کر دلی کے نواح میں پہنچ چکے ہیں اور اب وہ مختلف اطراف سے دارالحکومت میں داخل ہو رہے ہیں۔ دارالحکومت میں اس وقت موجود ٹریکٹروں کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔ کسان اس ریلی کو ’کسانوں کی طاقت‘ کا مظاہرہ قرار دے رہے ہیں۔
(بشکریہ: بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ