لیہ: چوک اعظم کے نواحی گاؤں میں غربت اور گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر باپ نے اپنے 5 بچوں کو زہر دے کر موت کے گھاٹ اتارا اور پھر خود بھی زہر پی لیا۔ محمد طارق نامی شخص کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ڈان نیوز کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ لیہ کے علاقے چوک اعظم کے قریب واقع چک نمبر 341 ٹی ڈی اے میں پیش آیا، جہاں گھریلو حالات سے پریشان محمد طارق نامی شخص نے اپنے 5 بچوں کو زہریلی کیڑے مار دوا دے کر ہلاک کیا اور خود بھی یہ زہریلی دوا پی لی ۔ ہلاک ہونے والے بچوں میں 4 بچیاں اور 1 بچہ شامل ہے جن کی عمریں 5 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ زہر پینے والے باپ محمد طارق کو تشویش ناک حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، بعدازاں اسے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ خودکشی کرنے والے شخص کی والدہ کے مطابق طارق کی اہلیہ نے ایک سال قبل اس سے خلع لی تھی جس کی وجہ سے گھر میں ناچاقی تھی، دوسری جانب محمد طارق کا اپنے بھائی اور بھابھیوں سے بھی جھگڑا رہتا تھا جبکہ اس کے مالی حالات بھی ٹھیک نہیں تھے۔
(بشکریہ:ڈان نیوز)
فیس بک کمینٹ