لاہور: مریم نواز نے وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی بزنس مین جندال کے درمیان ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش نہیں کرنا چاہیے۔ بھارتی سرمایہ کارسجن جندال نے بھارتی تاجروں کے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا اوربھارتی تاجروں کے وفد نے گزشتہ روز مری میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات بھی زیرغور آئے جب کہ ملاقات پاک بھارت بیک ڈور ڈپلومیسی کا حصہ بھی ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق سجن جندال بھارتی وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے 11 بج کر 55 منٹ پر پہنچے جب کہ بھارتی وفد کا دفترخارجہ کے پروٹوکول آفیسر سعید خان نے استقبال کیا جب کہ استقبال کرنے والوں میں وزیر اعظم ہاؤس کے پروٹوکول آفیسر عمران بھی شامل تھے۔ ملاقات کے بعد بھارتی وفد ساڑھے 6 بجے خصوصی طیارے سے واپس روانہ ہوگیا۔ دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم اور جندال کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات خفیہ نہیں تھی اور جندال وزیر اعظم کے پرانے دوست ہیں جب کہ وزیراعظم کی جندال سے ملاقات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش نہیں کرنا چاہیے۔
فیس بک کمینٹ