اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری پر کرپشن کا الزم لگاتے ہوئے وزارت سے استعفیٰ دے دیاہے ۔ریاض پیرزادہ نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات کے بعد انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کی مخالفت کی تھی۔ اسلام آباد میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین سے الوداعی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ‘کرپشن کرنے والوں نے ڈی جی سپورٹس بورڈ پر الزام لگا کر انہیں ملازمت سے فارغ کردیا، اربوں کی کرپشن کرنے والے افراد کو ایسے الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیئے’۔ وفاقی وزیر کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کو بھیجے گئے استعفیٰ میں کہا گیا کہ وہ اپنے تحفظات ان کے علم میں لانا چاہتے ہیں۔ خط کے متن میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ’وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے ان کی وزارت میں مداخلت کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے جس کے سبب وہ نہ صرف پریشانی کا شکار ہیں بلکہ اپنے اختیارات کو بھی محدود سجمھتے ہیں’۔ وفاقی وزیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے کافی تذلیل برداشت کرچکا ہوں، یہ سب مزید برداشت نہیں کروں گا جبکہ اپنا استعفیٰ بھی واپس نہیں لوں گا’۔
فیس بک کمینٹ