راولپنڈی : پاک فوج نے ڈان اخبار میں شائع ہونے والی خبر سے متعلق حکومتی احکامات کو ’مسترد‘ کیے جانے کے حوالے سے کی جانے والی ٹوئیٹ واپس لے لی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’29 اپریل کا ٹوئیٹ غیر موثر ہوگیا ہے، فوج جمہوری عمل کی حمایت اور آئینی بالادستی کےعزم کا اعادہ کرتی ہے‘۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ’29 اپریل کا ٹوئیٹ کسی ادارے یا شخصیت کے خلاف نہیں تھا‘۔ پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈان کی خبر کے حوالے سے قائم کی جانے والی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے پیرا 18 میں کی جانے والی سفارشات کی وزیراعظم نے باضابطہ طور پر منظوری دی پھر اس کا نفاذ ہوا جس کے بعد ڈان کی خبر کا معاملہ نمٹ گیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ’اس سلسلے میں کی جانے والی ٹوئیٹ واپس لے لی گئی اور اب وہ غیر موثر ہوچکی ہے‘۔ پاک فوج کی جانب سے ٹوئیٹ سے دستبرداری سے کچھ دیر قبل ہی وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈان خبر کے معاملے پر حکومت اور پاک فوج کے درمیان تحفظات دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو پریس کانفرنس بھی کرنی تھی جو انہوں نے اچانک منسوخ کردی تھی۔
فیس بک کمینٹ