ملتان : جمعرات کو ملتان سے سرائیکی علاقے کے پہلے نیوز چینل ’’روہی‘‘ نے اپنی نشریات کا باضابطہ آغاز کردیا۔گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے چینل کی نشریات کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں ایک رنگا رنگ تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، چودھری شجاعت حسین، صوبائی وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن سمیت صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، سیاسی رہنماﺅں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ روہی نیوزچینل سٹی نیوز نیٹ ورک کا حصہ ہے اور یہ سرائیکی علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا نیوز چینل ہے۔ تقریب میں ملتان ،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، میانوالی اور دیگر علاقوں کے بیوروچیف اور رپورٹرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سٹی نیوزنیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو محسن نقوی،کنٹرولر ساﺅتھ جمشید رضوانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس چینل کو پورے سرائیکی خطے کے آوازبنائیں گے ۔اس خطے میں بہت سی محرومیاں ہیں اور بہت سے مسائل۔ہم ان محرومیوں اور مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی ثقافت اور فنکاروں کو بھی قومی دھارے میں لائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں دو ہی چینل ہیں ایک جمہوریت اور دوسرا میڈیا۔یہ دونوں چینل پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہیں۔
فیس بک کمینٹ