اسلام آباد : ملک بھر میں پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے کا جشن جاری ہے اور پوری قوم مادر وطن کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے عزم کی تجدید کررہی ہے۔پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے قومی پرچم لہرایا۔ یہ تقریب پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہونا تھی مگر اسے بعد ازاں کنونشن سینٹر منتقل کر دیا گیا ۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مہمان خصوصی چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ بھی موجود تھے۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اپنے خطاب میں پاکستان کو 71ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کی دعوت اور چینی صدر شی جن پنگ کی ہدایت پر یہاں چین کی نمائندگی کررہا ہوں اور 20 کروڑ پاکستانی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہوں’۔ چین کے نائب وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ چینی وفد کی موجودگی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ ‘پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘تحریک آزادی اور قیام پاکستان سے لے کر اب تک کے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ ہماری قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے جس پر وہ بارہا اپنے اعتماد کا اظہار کرچکی ہے’۔صدر ممنون کے مطابق ‘تاریخ کا جبر ہے کہ مزاج سے مطابقت رکھنے والا نظام پورے طور پر برگ و بار نہ لا سکا’۔ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ قوم گروہی اور طبقاتی مفادات سے اٹھ کر اپنے درمیان وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرے، جمہوری رویے میں بلوغت اور پختگی جبکہ قومی ترقی اور استحکام کی ہمواری کا راستہ یہی ہے۔
فیس بک کمینٹ