لاہور : پاکستان نے احمد شہزاد کی شاندار بیٹنگ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ورلڈ الیون کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی20 میچ میں شکست دے کر آزادی کپ جیت لیا۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔اوپنرز فخر زمان اور احمد شہزاد نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو سات اوورز میں 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
تاہم 61 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر دوسرے اینڈ پر موجود فخر زمان رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 27 رنز بنائے۔اس کے بعد بابر اعظم اور احمد شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی سنچری مکمل ہونے کے بعد تیزی سے کھیلنا شروع کیا اور خصوصاً احمد شہزاد نے جارحانہ انداز اپنایا اور بین کٹنگ کے ایک اوور میں لگاتار تین چھکے لگائے۔وہ اسی اوور میں ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے، انہوں نے 55 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے۔بابر اعظم کی شاندار فارم کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 184 رنز بنائے اور ورلڈ الیون کو فتح کیلئے 184 رنز کا ہدف دیا۔ورلڈ الیون مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنا سکی اور یوں پاکستانی ٹیم نے میچ میں 33 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آزادی کپ بھی جیت لیا۔یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دی تھی لیکن اگلے میچ میں ورلڈ الیون نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے سات وکت سے فتح حاصل کر کے سیریز برابر کردی تھی۔احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بابر اعظم کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فیس بک کمینٹ