ابو ظہبی : ابوظہبی میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن سری لنکا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 114 رنز پر آؤٹ کر کے 21 رنز سے جیت حاصل کر لی۔رنگانا ہیراتھ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز میں چھ جبکہ میچ میں 11 وکٹیں حاصل کی۔اس کارکردگی کی خاص بات یہ تھی کہ 39 سالہ ہیراتھ نے پاکستان کے خلاف 100 وکٹیں لینے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جو کہ کسی بھی بولر کی پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی ہے۔اس میچ میں ہار کے ساتھ پاکستان کا ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی ختم ہو گیا۔136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور سمیع اسلم دو رن بنا کر ہیراتھ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جبکہ اظہر علی بھی بغیر کوئی رن بنائے لکمل کا شکار بن گئے۔16 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی جب شان مسعود سات رنز بنا کر دلروان پریرا کی وکٹ بنے۔32 رنز کے سکور پر بابر اعظم بھی دلروان پریرا کی گیند پر ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بابر نے صرف تین رنز بنائے۔36 رنز کے سکور پر اسد شفیق بھی ہیراتھ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔چائے کے وقفے کے بعد کپتان سرفراز احمد تیز کھیلنے کے کوشش میں کریز سے باہر نکلے تو ہیراتھ کی گیند پر وہ سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔حسن علی کے ساتھ حارث سہیل نے 20 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ بھی دلروان پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ۔دو رنز کے بعد حسن علی بھی ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
آخر میں محمد عامر اور محمد عباس بھی ہیراتھ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور 114 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے دو اور حسن علی، حارث سہیل اور اسد شفیق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آخری دن کے کھیل کے آغاز میں ہی محمد عباس نے مینڈس کو 18 اور لکمل 13 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔یاسر شاہ نے پریرا کو 101 کے مجموعی سکور پر پویلین کی راہ دکھائی اور اس کی اگلی ہی گیند پر ہیراتھ کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔سنداکان پانچ رنز بنا کر یاسر شاہ کی پانچویں وکٹ بنے۔
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پردیپ تھے جنھیں حسن علی نے صفر پر بولڈ کیا جبکہ ڈک ویلا 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی دوسری اننگز کا آغاز متاثر کن نہ تھا۔ کوشل سلوا اور کرونارتنے نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 20 کے سکور پر یاسر شاہ کی گیند پر کرونارتنے شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھریمنے تھے جو 33 کے مجموعی سکور پر سات رنز بنا کر اسد شفیق کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد 51 کے سکور پر حارث سہیل نے کوشل سلوا ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔65 کے مجموعی سکور پر چندی مل یاسر شاہ کا دوسرا شکار بنے جو سات رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 422 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور سے سری لنکا پر تین رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں اظہر علی 85 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے 76 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں شان مسعود 59، سمیع اسلم 51، اسد شفیق 39، حسن علی 29 اور بابر اعظم 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ایک وقت میں 340 کے سکور پر اس کی 8 وکٹیں گر چکی تھیں تاہم حارث سہیل اور حسن علی کی عمدہ اننگز کے بدولت پاکستان سری لنکا پر تین رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ کامیاب ترین بولر رہے اور انھوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لکمل اور فرنینڈو نے دو، دو اور پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
فیس بک کمینٹ