اسلام آباد ؛ سابق وزیراعظم نواز شریف ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوگئے، جس کا باضابطہ اعلان پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے کیا۔الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے لیے پارٹی رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تاہم ان کے مدمقابل پارٹی کے کسی بھی دوسرے رکن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے گئے۔اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر سینیٹر چوہدری جعفر اقبال کی جانب سے پارٹی صدر کے باضابطہ اعلان کے بعد نواز شریف کے حق میں پارٹی کارکنان کی جانب سے نعرے لگائے گئے۔پارٹی صدر منتخب ہونے کے بعد نواز شریف نے اسلام آباد کنونشن میں پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے بار بار سیاست سے بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن آپ لوگ مجھے سیاست میں واپس لاتے رہے اور آج بھی آپ نے مجھے سیاست میں لانے کی جو کوشش کی اس پر میں آپ کا شکر گزار ہوں‘۔نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’آج کے دن ہم یہ قانون اُس ڈکٹیٹر مشرف کو واپس لوٹا رہے ہیں جس نے نواز شریف کو روکنے کے لیے اسے نافذ کیا تھا‘۔اس سے قبل کنونشن سینٹر میں خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ۔ اس سے قبل کنونشن سینٹر میں لیگی کارکنوں کے وی آئی پی دروازے سے داخلے کی کوشش کے دوران ہونے والی دھکم پیل کے نتیجے میں دروازے کے شیشے ٹوٹنے سے اسپیشل برانچ کے سب انسپکٹر لیاقت زخمی ہوگئے تھے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فیس بک کمینٹ